محمد تسکین
بانہال // سال 2025کے دوران جموں ۔ سرینگر قومی شاہراہ پر ٹریفک حادثات میں نمایاں کمی درج کی گئی ہے۔ شدید بارشوں کے باعث جولائی اور اگست کے مہینوں میں شاہراہ کو پہنچنے والے بھاری نقصانات کے بعد قومی شاہراہ کو سخت محنت اور مسلسل کوششوں سے بحال کیا گیا اور اس وقت شاہراہ پر معمول کا ٹریفک رواں دواں ہے۔ان باتوں کا اظہار سینئر سپرانٹنڈنٹ آف ٹریفک پولیس نیشنل ہائی وے، راجہ عادل حمید نے زرائع ابلاغ کے نمائندوں کے ساتھ بات چیت کے دوران کیا۔ انہوں نے بتایا کہ 2025میں جموں ۔ سرینگر قومی شاہراہ پر ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کے جرم میں تقریباً 89ہزار چالان کیے گئے، جن کے ذریعے تین کروڑ روپے کی رقم وصول کی گئی۔انہوں نے کہا کہ اعلیٰ حکام کی ہدایات کے بعد دسمبر کے مہینے میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی اور درست دستاویزات نہ ہونے کے معاملات میں بیرونی ریاستوں کے رجسٹریشن نمبر والی 100سے زائد گاڑیاں ضبط کی گئیں اورٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں مسلسل جاری ہیں۔ایس ایس پی ٹریفک نے مزید کہا کہ سال 2025میں شاہراہ پر مجموعی طور پر1056سڑک حادثات پیش آئے، جبکہ سال 2024میں یہ تعداد 1299تھی، جو کہ حادثات میں واضح کمی کو ظاہر کرتی ہے۔