سرینگر// سال2021تلخ و شیریںیادو ںکے ساتھ گزر گیا اور نئے سال کی آمد پر لوگ نئی خواہشات کیساتھ سیاحتی مقامات کی طرف رخ کرنے لگے۔گلمرگ میں سال نو کا جشن منایا گیا جہاں غیر مقامی سیلانیوں اور مقامی لوگوں نے ان تقاریب میں شرکت کی۔ سال نو کی آمد کیلئے پہلے ہی گلمرگ میں سیاح پہنچے تھے ، جہاں ٹورازم محکمہ کی طرف سے مختلف رنگا رنگ پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ ہر سال کی طرح رواں براس بھی گلمرگ میں تل دھرنے کی جگہ نہیں تھی اور کرسمس کے دن سے ہی گلمرگ کے سبھی ہوٹلوں میں کوئی کمرہ خالی نہیں تھا۔ گلمرگ میں تمام ہوٹل اور گیسٹ ہاوس پیشگی میں ہی سیلانیوں سے بھرے تھے اور بڑی مشکل سے سیلانیوں اور دوسرے لوگوں کو وہاں پر رات کے قیام کیلئے جگہ مل گئی۔ سیلانیوں نے کویڈ معیاری عملیاتی طریق کار عملاتے ہوئے سال نو سے متعلق تقاریب میں شرکت کی،اور اپنی یادوں کو کیمرئوں میں بھی محفوظ کیا۔ گلمرگ میں نئے سال کی جشن کے حوالے سے سنو کارنوال کا بھی اہتمام کیا گیا ،جس میں سیلانیوں نے شرکت کی اور انکی خوشی کا کوئی ٹھکانہ بھی نہ رہا۔ہوٹل مالکان کا کہنا تھا کہ نئے سال کی آمد کے سلسلے میں کئی روز قبل یہاں تک کہ ایک ماہ قبل پیشگی میں ہی سیلانیوں نے ہوٹلوں کی بکنگ کی تھی۔ سیاحت سے وابستہ لوگوں کا کہنا تھا کہ دسمبر کا مہینہ ہر سال انکے لئے سیاحت کیلئے اچھا رہتا ہے۔پہلگام اور سرینگر کی ڈل جھیل میں بھی کویڈ معیاری عملیاتی طریقہ کاروں کو عملاتے ہوئے نئے سال کی تقاریب منعقد ہوئی۔ سیاحتی مقام پتنی ٹاپ میں بھی سیاحوں کی ایک اچھی تعداد سال نو آمد پر نظر آئی۔انتظامیہ کے مطابق اومیکرون کی صورتحال کو دیکھتے ہوئے نئے سال کی تقریبات میں کوئی رعایت نہیں دی گئی۔ انتظامیہ نے ہوٹلوںمیں تقاریب کیلئے پیشگی اجازت کی شرط رکھی تھی۔ادھرلیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے نئے سال کی خوشی کے موقعہ پر جموں و کشمیر کے لوگوں کو مبارکباد دی ہے ۔ اپنے ایک مبارک بادی کے پیغام میں لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ جب ہم نئے سال کی صبح کا خیر مقدم کرتے ہیں تو ہمیں اپنے خوابوں کی تعبیر کیلئے کوشش کرتے ہوئے گذشتہ سال کی کامیابیوں پر استوار کرنا چاہئیے ۔ لیفٹیننٹ گورنر نے مزید کہا ’’ نئے سال کے موقعہ پر میں تمام شہریوں کو یقین دلانا چاہتا ہوں کہ ہم 2022 میں داخل ہو رہے ہیں اعتماد کے احساس اور مقصد کے ساتھ یو ٹی میں جامع سماجی ، اقتصادی ترقی کو برقرار رکھنے کیلئے جموں و کشمیر انتظامیہ لوگوں کی فلاح و بہبود کے لئے نئے عزم کے ساتھ کام کرے گی دعا ہے کہ نیا سال سب کیلئے امن ، ترقی ، خوشحالی ، صحت اور خوشی لائے ۔ لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ اس موقع پر ہمیں ان تمام بہادر دلوں کو بھی یاد رکھنا چاہئیے اور انہیں خراج عقیدت پیش کرنا چاہئیے جنہوں نے ہمارے مستقبل کیلئے اپنا حال قربان کر دیا ۔