سرینگر// جموں وکشمیر میں درجہ حرارت میں غیر معمولی اضافہ کے بیچ محکمہ موسمیات نے آئندہ 24گھنٹوں تک موسم ابرآلود اور کہیں بارشیں ہونے کا امکان ظاہر کیا ہے ۔محکمہ موسمیات کے مطابق موسم 20مارچ تک ابرآلود رہے گا اور اس بیچ وادی کے کچھ ایک علاقوں میں بارشیں ہوں گی جس سے درجہ حرارت میں قدر ے کمی دیکھنے کو ملے گی ۔ پچھلے کچھ روز سے وادی میں مئی جیسی گرمی پڑ رہی ہے ۔گرمی کی شدت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ سرینگر شہر میں جمعہ کو دن کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 26.6ڈگری سلسیش ریکارڈ کیا گیا جبکہ جمعرات کو یہاں 25.4ڈگری سلسیش ریکارڈ ہواتھا۔ سرحدی ضلع کپوارہ میں جمعہ کو درجہ حرارت28.6ڈگری تھاجبکہ اس سے قبل جمعرات کو دن کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 27.7ڈگری سلسیش ریکارڈ کیا گیا ۔ قاضی گنڈ میں 26.8 ،پہلگام میں 23.3، کوکرناگ میں 24.6ڈگری سلسیش ریکارڈ کیا گیا ۔ادھر جموں میں بھی شدید گرمی پڑ رہی ہے اور وہاں جمعہ کو دن کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33.8ڈگری سلسیش ریکارڈ کیا گیا ہے ۔ رات کے کم سے کم درجہ حرارت میں اضافہ دیکھنے کو ملا ہے جمعرات اور جمعہ کی درمیانی رات سرینگر میں کم سے کم درجہ حرارت8.5 ڈگری سلشیس ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے3.8 ڈگری زیادہ تھا۔