سرینگر //کشمیر میں 20دنوں کے بعد بدھ کو کورونا وائرس سے85سالہ معمر خاتون سمیت 3افرادفوت ہوئے اور اسطرح وادی میںمتوفین کی مجموعی تعداد 1239ہوگئی ہے۔وائرس متاثرین کی تعداد میں بھی اضافہ کا سلسلہ بدستور جاری ہے ۔ پچھلے24گھنٹوں کے دوران 25ہزار 583تشخیصی ٹیسٹ کئے گئے جن میں97افراد کی رپورٹیں مثبت آئی ہیں جن میں سے 16جموں جبکہ 81کشمیر سے تعلق رکھتے ہیں۔کشمیر کے 81متاثرین میں سے 65مقامی سطح پر متاثر ہوئے ہیں جبکہ 16افراد مختلف ریاستوں اورممالک سے وادی واپس لوٹے ہیں۔ بدھ کو مزید 3افراد وائرس سے فوت ہوگئے ۔ مرنے والوں میں 2کا تعلق بارہمولہ ضلع جبکہ ایک سرینگر سے تعلق رکھتا ہے۔ سرینگر میں تعینات محکمہ صحت کے ایک سینئر ڈاکٹر نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا ’’ ہارون سے تعلق رکھنے والی 85سالہ معمر کورونا وائرس سے پیدا ہونے والے نمونیا سے سی ڈی اسپتال میں فوت ہوگئی ہے‘‘۔ادھر جی ایم سی بارہمولہ میں تعینات ایک سینئر ڈاکٹر نے بتایا ’’ چیچی پورہ ماگام سے تعلق رکھنے والے 69سالہ اور کانلی باغ بارہمولہ کا 85سالہ معمر شخص کورونا وائرس سے پیدا ہونے والے نمونیا سے جی ایم سی بارہمولہ میں فوت ہوگیا ہے‘‘۔15فروری سے لیکر10 مارچ تک1866افراد کی رپورٹیں مثبت آئیں جن میں سے1495کشمیر سے تعلق رکھتے ہیں ۔ کشمیر سے تعلق رکھنے والے1495افراد میں سے1009مقامی سطح پر جبکہ 547بیرون ریاستوں اور ممالک سے لوٹے ہیں۔کشمیر صوبے میں متاثرین کی مجموعی تعداد 75142ہوگئی ہے۔ کشمیر میں 15فروری سے لیکر10مارچ تک12افراد فوت ہوئے ہیں اور اسطرح متوفین کی تعداد 1239ہوگئی ہے۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ 18فروری کو کشمیر میں تین افراد فوت ہوئے تھے جبکہ 3فروری کو 2اور11فروری کو 2متاثرین فوت ہوگئے تھے۔