پونچھ// لگ بھگ بیس دن کی خاموشی کے بعد پونچھ حد متارکہ پر ہند وپاک افواج کے درمیان شدید گولہ باری کا تبادلہ ہوا، جس میں دو شہری زخمی ہوئے ۔ اتوار کی شام 6بجکر 10منٹ پرپونچھ کے سرحدی علاقہ دیگوار ،کیرنی مندھار اور گونتریاں میں پاکستانی فوج کی طرف سے شدید گولہ باری کی گئی جسکا جواب ہندوستانی فوج نے بھی دیا ۔گولہ باری کی وجہ سے ان علاقوں میں رہائش پذیر لوگوں میں سخت خوف حراس پایا جا رہا ہے۔ تازہ گولہ باری میں محمد قاسم ولد محمد سلیم اور زاہد شاہ ولد محمود شاہ ساکن قصبہ زخمی ہوئے جنہیں پونچھ سب ضلع اسپتال میں داخل کیا گیا۔واضح رہے کہ چند دن قبل چکاندا باغ پونچھ کراسنگ پوائنٹ پر ہندو پاک افواج کے افسران کے درمیان ایک میٹنگ میں یہ طے پایا تھا کہ اب سرحدوں پر گولہ باری نہیں کی جائے گی لیکن اس کے باوجود بھی اتوار کو شدید گولہ باری کاتبادلہ ہوا جو آخری اطلاعات تک جاری تھا۔