اہلخانہ سے ڈی این اے نمونے حاصل، تجزیہ کیلئے لیبارٹری بھیج دیئے گئے
راجوری //6اگست 2021کو تھنہ منڈی راجوری کے بھنگائی اور ڈیرہ کی گلی جنگلاتی علاقے میں پیر کو چوتھے روز بھی جنگجو مخالف آپریشن جاری رہا۔48آر آر نے مزید3 دیہات ہسپولوٹ، عازمہ آباد اور منگوٹ کو گھیرے میں لیا ہے۔علاقے میں کم سے کم ایک جنگجو موجود ہے جسے تلاش کیا جارہا ہے۔اس دوران مہلوک 2جنگجوئوں میں سے ایک کے لواحقین سامنے آئے ہیں جنہوں نے اس بات کا دعویٰ کیا ہے کہ جاں بحق ہوئے دو جنگجوئوں میں سے ایک کا تعلق رام نگری شوپیان سے ہے۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ محمد یوسف تانترے اپنے اہل خانہ سمیت تھنہ منڈی راجوری پہنچ گیا جنہوں نے پولیس سے کہا کہ انہوں نے اپنے بیٹے رمیض احمد کو تصویر سے پہچان لیا ہے جو 2018سے لاپتہ ہے اور جسکی گمشدگی کی رپورٹ ہیر پورہ شوپیان تھانے میں درج ہے۔ذرائع نے بتایا کہ اتوار کو محمد یوسف کے اہل خانہ کے ڈی این اے نمونے حاصل کئے گئے اور مہلوک جنگجوئوں کے نمونے پہلے ہی حاصل کئے گئے ہیں۔ڈی این اے نمونوں کی جانچ کے بعد ہی اس بارے میں کچھ وثوق کیساتھ کہا جاسکتا ہے اور پولیس نے محمد یوسف کو مطلع کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔
راجوری آپریشن جاری
سرحدی ضلع راجوری میں سیکورٹی فورسز کی جانب سے ملی ٹینٹوں کیخلاف شروع کردہ آپریشن چوتھے روز بھی مسلسل جاری رہا ہے جبکہ اس دوران فورسز نے مزید علا قوں کا بھی محاصرہ کرلیا ہے ۔تھنہ منڈی کے بھنگائی علاقہ میں فوج کی جانب سے جمعہ کے روز ایک آپریشن شروع کیا گیاتھا ۔فوج اور جنگجو کے مابین ہوئے فائرنگ کے دوران دو ملی ٹینٹ لقمہ اجل بن گئے تھے جبکہ مزید ملی ٹینٹوں کی تلاشی کے سلسلہ میں فوج کی جانب سے آپریشن کو جاری رکھا گیا تھا لیکن سنیچر کے روز فوج اور ملی ٹینٹوں کے درمیان دوبارہ سے دو مرتبہ فائرنگ کا تبادلہ ہو ا تاہم مزید کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے ۔فوج نے مزید ملی ٹینٹوں کی موجودگی کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے مزید علاقوں کا محاصرہ کر کے تلاشی مہم کو مسلسل جاری رکھا ہواہے ۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ پولیس اور فوج کی مشترکہ ٹیموں کی جانب سے پیر کے روز بھی آپریشن کو جاری رکھا گیا جبکہ اس دوران مزید علاقوں کا محاصر ہ کر کے تلاشی مہم بھی چلائی گئی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ تین مزید علاقوں کو محاصرہ کے زیر تحت لایا گیاہے ۔انہوں نے بتایا کہ مذکورہ علاقوں میں ہسپلوٹ ،منگوٹہ اور عظمت آباد علاقوں کا محا صرہ کرلیا گیاہے ۔
مینڈھر میں کمین گاہ تباہ
مینڈھر //سیکورٹی ایجنسیوں کی جانب سے مینڈھرسب ڈویژن میں ملی ٹینٹوں کی ایک کمین گاہ تباہ کر کے اسلحہ باز یاب کرلیا گیا ۔دفاعی حکام نے بتایا کہ ایک خفیہ اطلاع موصول ہونے کے بعد ایک آپریشن کے دوران کسبلاڑی علاقہ میں فوج کی آر آر یونٹ ،سی آر پی ایف اور پولیس کی جانب سے کی گئی ایک کارروائی کے دوران بھاری مقدار میں اسلحہ بارود ضبط کرلیاگیا ۔پولیس کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ایک خصوصی آپریشن کے دوران بڑی مقدار میں اسلحہ بارود ضبط کرلیا گیا ۔انہوں نے بتایا کہ کارروائی کے دوران دو رائفل،چار میگزین ،ایک چینی پستول ،دس پستول میگزین ،کمینی کمیشن آلات ،12موبائل بیٹریاں ودیگر ساز وسامان ضبط کرلیا گیا ہے ۔پولیس نے بتایا کہ مذکورہ آپریشن فوج ،سی آر پی ایف اور بی ایس ایف کی جانب سے مشترکہ طورپر انجام دیا گیا ۔