۔2روزہ چھٹی قومی کانفرنس اور نمائش اختتام پذیر

جموں//گورنر کے مشیر خورشید احمد گنائی نے نوجوانوں پر زور دیا ہے کہ وہ سرکاری نوکریوں کے پیچھے بھاگنے کے بجائے اپنے خود روز گار یونٹ قائم کریں تا کہ وہ نہ صرف اپنے لئے بلکہ دیگر نواجوں کے لئے بھی روز گار کی سبیل پیدا کرسکیں۔مشیر نے ان باتوں کا اظہار جی سی ای ٹی کیمپس چک بھلوال میں آئی آئی ٹی کھرگ پور کے اشتراک سے منعقدہ دو روزہ چھٹی قومی کانفرنس اور نمائش کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سیکرٹری اعلیٰ تعلیم طلعت پرویز روح اللہ، ڈائریکٹر کالج ڈیولپمنٹ کونسل جموں یونیورسٹی پروفیسر آر کے گنجو، پرنسپل جی سی ای ٹی ڈاکٹر سمیرو شرما، آئی آئی ٹی کھرگ پور کے پروفیسر ایس ایس پاٹھک اور ڈائریکٹر کالج اعلیٰ تعلیم محکمہ یٰسین احمد بھی اس موقعہ پر موجود تھے۔کانفرنس کا بنیادی مقصد یہ تھا کہ تعلیم دانوں ، طُلاب اور تحقیق دانوں کو ایک دوسرے کے ساتھ تبادلہ خیال کرنے کا ایک پلیٹ فارم فراہم کرنا تھا۔مشیر موصوف نے کہا کہ آج کے تکنیکی دور میں انجنیئروں کو ایک واضع رول ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے انجنیئرنگ طُلباء پر زور دیا کہ وہ اپنے آپ کو کارخانہ داری کے تمام تقاضوں سے ہم آہنگ کرائیں۔ انہوں نے کہا کہ انجنیئرنگ اداروں، تحقیق دانوں اور صنعت کاری کے پیشہ وروں کو آپسی تال میل کے ساتھ کام کر کے اپنی صلاحیتوں کو بڑھاوا دینا چاہئے تا کہ روز گار تلاشنے والوں کو کارخانہ داری کی طرف راغب کیا جاسکے۔مشیر نے انجنیئرنگ تعلیم میں جدید طور طریقوں کو بروئے کار لاکر اس میں مزید بہتری لانے پر زور دیا۔پروفیسر آر کے گنجو نے اس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے جموں یونیورسٹی میں سکل ڈیولپمنٹ انکیوبیشن سینٹر کے بارے میں جانکاری دی۔جن دیگر اہم شخصیات نے اس موقعہ پر خطاب کیا اُن میں پروفیسر ایس ایس پاٹھک آئی آئی ٹی کھرگ پور، ظہور احمد ژاٹ اور دیگر لوگ شامل تھے۔اس پروگرام کے دوران ایک ورکشاپ کے ذریعے سے شرکاء کو کارخانہ داری اور ہُنرمندی سے متعلق بیداری پیدا کی گئی۔خورشید احمد گنائی نے  بہترین پریذنٹیشن دینے والوں میں اسناد اور ٹرافیاں تقسیم کیں۔اس سے قبل پرنسپل جی سی ای ٹی نے شرکاء اور معزز مہمانوں کا استقبال کیا۔کانفرنس کے دوران ملک بھر سے70  پیپر موصول کئے گئے تھے جن میں سے43 کو اشاعت  کے لئے منظور کیا گیا۔ڈائریکٹر کالجز اعلیٰ تعلیم ڈاکٹر یٰسین احمد نے اس موقعہ پر شکریہ کی تحریک پیش کی۔