راجوری //پونچھ کی دو سڑکوں پر سرکاری محکموں کے ذریعہ بلیک ٹاپنگ کا حال ہی میں انجام دیا گیا کام تنقید کا نشانہ بن رہا ہے اور علاقے کے ایگزیکٹو مجسٹریٹ نے بھی معیار کے مطابق کام نہ کرنے والے ٹھیکیداروں کے خلاف کارروائی کی سفارش کی ہے۔ان سڑکوں پر جہاں حال ہی میں بلیک ٹاپنگ کا کام انجام دیا گیا ہے ان میں زیارت شریف درہ دلیان تا دھرٹی سڑک اور پی ایم جی ایس وائی 1.85 تاڈانہ کنوئیاں پونچھ روڈ شامل ہیں۔حکام کے مطابق علاقے کے لوگوں نے دونوں سڑکوں پر بلیک ٹاپنگ کے کام کے خلاف آواز اٹھاتے ہوئے الزام لگایا کہ کام کا معیار ناقص ہے جس کی وجہ سے سڑک کی سطح ہر گزرتے دن کے ساتھ خستہ حالی کا شکار ہو رہی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ گاؤں درہ دلیاں اور کنویاں کے لوگوں کے الزامات اور احتجاج کی بنیاد پر تحصیلدار پونچھ انجم بشیر خان خٹک نے پی ڈبلیو ڈی کے متعلقہ جونیئر انجینئر کے ساتھ نائب تحصیلدار رینک کے ایک ایگزیکٹیو مجسٹریٹ کی سربراہی میں تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی۔ایگزیکٹیو مجسٹریٹ کی جانب سے پیش کردہ انکوائری اور موقعہ کی جائزہ رپورٹ میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ محکمہ تعمیرات عامہ کی جانب سے انجام دیا جانے والا کام انتہائی ناقص معیار کا ہے اور زیارت شریف درہ دلیاں تادھرٹی روڈ اور پی ایم جی ایس وائی 1.85 تا دانہ کنوئیاں پر بلیک ٹاپنگ کی گئی ہے۔ حکام نے ایگزیکٹیو مجسٹریٹ کی رپورٹ کے حوالے سے کہا کہ معیاری کام نہیں کیا گیا ہے ۔تحصیلدار پونچھ انجم بشیر خان خٹک نے اب ٹھیکیداروں کے خلاف کارروائی کی سفارش کی ہے۔تفصیلی جانکاری دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ کو پیش کی گئی اپنی رپورٹ میں یہ سفارش کی گئی ہے کہ کام میں ملوث ٹھیکیداروں کے خلاف کارروائی کی جائے اور ان کی ادائیگی روک دی جائے۔انہوں نے کہاکہ ’ہم نے یہ بھی سفارش کی ہے کہ محکمہ تعمیرات عامہ کو ان سڑکوں کی درستگی اور مرمت کیلئے ہدایت دی جائے ۔