سرینگر // محکمہ موسمیات نے آج سے میدانی علاقوں میں ہلکی برف باری اور بالائی علاقوں میں ہلکی سے درمیانہ درجے کی برفباری کی پیش گوئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر سونم لوٹس نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ جموں و کشمیر میں آج ہلکی تازہ مغربی ہوائیں داخل ہونگی اور 18جنوری کو بھی مغربی ہوائوں کا ایک اور مرحلہ داخل ہونے جارہا ہے۔انکا کہنا تھا کہ آج یعنی 16 جنوری سے 19جنوری تک پہاڑی علاقوں میں ہلکی یا درمیانہ درجے کی برف باری ہوگی جبکہ میدانی علاقوں میں معمولی برف پڑ سکتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ کہیں کہیں بارشیں بھی ہو سکتی ہیں ۔سونم لوٹس کے مطابق پہاڑی علاقوں میں ہونے والی ہلکی برف باری کے نتیجے میں لوگوں کو شبانہ درجہ حرارت میں قدرے راحت ملے گی ۔انہوں نے مزید کہا کہ اس مرحلے میں زیادہ برف باری ہونے کا کوئی امکان نہیں ہے ۔ادھر مطلع صاف رہنے سے شبانہ سردیوں کی شدت میں اضافہ ہوا ہے۔ جمعہ اور سنیچر کی درمیانی شب شہر سرینگر میں درجہ حرارت منفی 4.5 ڈگری سلسیش ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب درجہ حرارت منفی3.4 ڈگری تھا۔ گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی9.5 ڈگری تھا جہاں گذشتہ شب منفی10.5 ڈگری ریکارڈ ہوا تھا۔پہلگام کے درجہ حرارت میں شدید گراوٹ دیکھنے کو مل رہی ہے ۔وہاں کم سے کم درجہ حرارت منفی11.4 ڈگری سلسیش ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب منفی10.3 ڈگری تھا۔لداخ خطہ میں بھی سردی کا زور برابر جاری ہے اور وہاں سے اطلاع ہے کہ لوگ سردی سے ٹھٹھر رہے ہیں ۔لداخ یونین ٹریٹری کے قصبہ دراس جو سائبیریا کے بعد دنیا کا دوسرا سرد ترین علاقہ ہے، میں کم سے کم درجہ حرارت منفی27.6 ڈگری سلسیش ریکارڈ کیا گیا جبکہ ضلع لیہہ میں منفی16.8 ڈگری اور کرگل میںمنفی18.6 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔واضح رہے کہ جموں وکشمیر میں جاری چلہ کلان کی مدت 31جنوری کو ختم ہو رہی ہے اور اس کے بعد 20روزہ چلہ خورد تخت نشین ہوگا ۔ادھر درجہ حرارت میں گرواٹ کے بعد صبح کے وقت نل جم جاتے ہیں جبکہ دیگر آبی زخائر بھی منجمد ہو رہے ہیں جس سے کئی علاقوں میں پانی کی سپلائی صبح کے وقت متاثر ہورہی ہے ۔
۔16 سے19 جنوری تک ہلکی برفباری کا امکان | سردی میں شدت، سرینگر میں منفی4.5 ، دراس میں منفی27.6
