اسلام آباد/ ہندستان کے واگھا بارڈر سے پاکستان پہنچے 159ہندستانی تیرتھ یاتری پنجاب کے کٹاسرا ج مندر اور خیبرپختونخوا ہ میں واقع قدیم ٹیری مندر کے درشن کریں گے۔سما کی رپورٹ کے مطابق پاکستان خیبرپختونخوا ہ صوبہ میں تیرتھ یاترا کے لئے 159ہندستانی ہندو تیرتھ یاتریوں کو لاہور سے پیشاور کے لئے پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) سے پیشاور بھیجا گیا۔اس سے پہلے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رمیش کمار ونکوانی نے واگھا بارڈر پر مسافروں کا استقبال کیا۔ اس کے بعد تمام تیرتھ یاتریوں کو طیارہ کے ذریعہ پیشاور لے جایا گیا جہاں وہ خیبرپختونخوا ہ صوبہ کے کرک جانے سے پہلے ایک دن رکیں گے۔ کرک میں تیرتھ یاتری ٹیری مندر کے درشن کریں گے۔ کرک کے ٹیری گاوں میں مندر پرمہنس جی مہاراج کو وقف ہے، جو ایک ہندو سنت تھے۔ ان کا انتقال 1919میں ہوا تھا، اور اس میں ان کی سمادھی ہے۔ یہ وہ مندر ہے جسے 2020 میں توڑ پھوڑ کے بعد پاکستان کی سپریم کورٹ کے حکم پر بحال کیا گیا تھا۔ سپریم کورٹ نے حکام کو نقصان کی تلافی کے لئے حملہ آوروں سے 34کروڑ روپے وصولے جانے کے لئے بھی کہا تھا۔پاک میڈیا رپورٹ کے مطابق پاکستان ہندو پریشد کی دعوت پر متحدہ عرب امارات، امریکہ، ہندستان اور دیگر ممالک کل ملاکر 250ہندو یاتری مندر جارہے ہیں۔مسٹر وانکوانی نے میڈیا کو بتایا کہ ہندستان اور پاکستان کے مابین ہر مہینہ وفد کا تبادلہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ سال2022پاکستان اور ہندستان کے مابین مذہبی سیاحت کے ساتھ شروع ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ دونوں ممالک کے مابین تجارتی سفر بھی جلد شروع ہوں گے۔انہوں نے کہاکہ دونوں ملک ایک دوسرے ملک سے رابطہ کرنے کی پرانی پالیسی کی طرف لوٹیں گے۔ سندھ کی ہندو برادری کے اراکین اور پاکستان ہندو پریشد کے نمائندوں نے بھی ٹیری مندر کے درشن کئے۔