۔15جون تک غذائی اجناس کی تقسیم کاری مکمل کی جائے: ذوالفقار

 سرینگر//خوراک ، سول سپلائز اور امور صارفین کے وزیر چودھری ذوالفقار علی نے متعلقہ افسروں کو ہدایت دی کہ وہ ریاست بھر میں غذائی اجناس کی تقسیم کاری کی تاریخوں کا تعین کریں تاکہ صارفین کو اس عمل کے بارے میں جانکاری حاصل ہو۔وزیر نے ان باتوں کا اظہار سرینگر میں آج ایک میٹنگ کے دوران سرینگر ، بڈگام اور گاندربل ضلعوں میں محکمہ امور صارفین اور ناپ تول محکمے کے کام کاج کا جائزہ لینے کے لئے کیا۔ میٹنگ میں ضلع ترقیاتی کمشنر سرینگر ڈاکٹر فاروق احمد لون، ڈائریکٹر محکمہ امور صارفین نثاراحمد وانی،جوائنٹ کنٹرولر لیگل میٹرولاجی امر سنگھ کے علاوہ کئی دیگر افسران بھی موجود تھے۔چودھری ذوالفقار علی نے میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان کے محکمہ کا بنیادی مقصد یہ ہے کہ صارفین کو بہتر سہولیات دستیاب ہوسکیں۔انہوںنے کہا تاریخوں کے تعین سے تقسیم کاری کے عمل میں شفافیت ممکن ہوسکے گی اور صارفین کو پہلے سے پتہ چلے گا کہ ان کے علاقے میں کس دِن غذائی اجناس دستیاب ہوں گے۔وزیر کو جانکاری دی گئی کہ محکمہ نے ضلع سرینگر میں این ایف ایس اے کے تحت اپریل سے اب تک 76599کوئنٹل چاول جبکہ ایم ایم ایس ایف ای ایس کے تحت 15413 کوئنٹل چاول تقسیم کئے ہیں۔اسی طرح ضلع بڈگام میں اسی مدت کے دوران دونوں سکیموں کے تحت بالترتیب 69342اور 9670کوئنٹل چاول تقسیم کئے گئے ہیں جبکہ گاندربل میں این ایف ایس اے کے تحت 28484جبکہ ایم ایم ایس ایف ای ایس کے تحت 3960کوئنٹل چاول تقسیم کئے گے۔وزیر نے متعلقین کوہدایت دی کہ وہ الاٹ کئے گئے غذائی اجناس کی تقسیم کاری اس مہینے کی 15تاریخ مکمل کریں تاکہ لوگوں کو مقدس مہینے کے دوران دقتوں کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔انہوںنے صارفین کو اس مہینے کے دوران فی کنبہ ایک کلو اضافہ کھانڈ دینے کا بھی اعلان کیا۔وزیرنے متعلقہ افسروں کو ہدایت دی کہ وہ اپنے چیکنگ سکارڈ کو متحرک کریں تاکہ ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری پر قابو پایا جاسکے۔