عظمیٰ نیوز سروس
نئی دہلی//جموں و کشمیر پویلین نے 44ویں انڈیا اِنٹرنیشنل ٹریڈ فیئر (آئی آئی ٹی ایف) 2025 میں کامیاب انعقاد کو پایۂ تکمیل تک پہنچایا جس میں تقریباً 13.50 کروڑ روپے کی فوری فروخت ہوئی اور شرکأ کے لئے زائد اَز 6000 تجارتی روابط حاصل کئے گئے۔ یہ نتائج جموں و کشمیر کی متنوع مصنوعات، بشمول عالمی شہرت یافتہ ہینڈی کرافٹس، ہینڈلومز، زرعی اور باغبانی مصنوعات کیلئے مضبوط مارکیٹ کے ردِّعمل کو اُجاگر کرتے ہیںجبکہ خریداروں اور تجارتی وِزیٹروں میں خطے کی مصنوعات کے معیار، اصلیت اور مسابقتی صلاحیت پر بڑھتا ہوا اعتماد بھی ظاہر کرتے ہیں۔پچھلے ایڈیشنوں کی کامیابی کو آگے بڑھاتے ہوئے اس سال کے پویلین کو مزید بہتر برانڈنگ اور جموں و کشمیر کی منفرد، وَن ڈِسٹرکٹ وَن پروڈکٹ(او ڈِی او پی) اور جی آئی سے تصدیق شدہ مصنوعات کی وسیع تشہیر کے ساتھ مضبوط کیا گیا۔ پرمویشنل ڈسپلے نہ صرف وینیو کے اندر بلکہ بیرونی اہم مقامات پر بھی نصب کئے گئے جس سے نمائش کی نمایاں طور پر زیادہ تشہیر ہوئی اور پورے میلے کے دوران بڑی تعداد میں متنوع ہجوم پویلین کی طرف متوجہ ہوا۔ اس غیر معمولی توجہ نے پویلین کو ثقافت، تخلیقی صلاحیت اور تجارت کے ایک سرگرم مرکز میں تبدیل کر دیا جہاں ملکی و غیر ملکی وزیٹرز مسلسل آتے رہے۔ اس مسلسل روابط نے کاریگروں، خواتین کاروباریوں، سٹارٹ اَپس، ایف پی اوز، ایس ایچ جیز اور کوآپریٹیو سوسائٹیز کے لئے اہم کاروباری مواقع فراہم کئے۔ خاطر خواہ فروخت اور وسیع کاروباری لیڈز سے توقع ہے کہ وہ دوبارہ آرڈرز، طویل مدتی خریدار۔فروخت کنندہ تعلقات اور اور بڑھتی ہوئی مارکیٹ رَسائی میں تبدیل ہوں جس سے جموں و کشمیر میں آمدنی، روزگار اور جامع معاشی ترقی کو فروغ ملے گا۔سینئر حکام نے حصہ لینے والے محکموں، کارپوریشنوں اور شراکت دار ایجنسیوں کی مربوط کوششوں کو سراہا جنہوں نے ثقافت اور تجارت کو مؤثر انداز میں یکجا کرتے ہوئے ایک متحرک اور کاروبار دوست نمائش پیش کی۔ جموں و کشمیر ٹریڈ پروموشن آرگنائزیشن (جے کے ٹی پی او) نے نمائش کنندگان کو لیڈز پر فالو اپ، آئندہ تجارتی میلہ جات میں شرکت اور اور وسیع تر برآمد ی ترقی اور مارکیٹ سے تعلق کے اقدامات کے ساتھ انضمام کے لئے مسلسل ہینڈ ہولڈنگ سپورٹ فراہم کرنے کے لئے اپنے عزم کا اعادہ کیا تاکہ جموں و کشمیر کی اعلیٰ معیار کی مصنوعات کو ایک قابلِ اعتماد سورسنگ مقام کے طور پر مزید مضبوط کیا جا سکے۔