سرینگر//حریت(ع) ، اتحاد المسلمین ، محاذآزادی اورجمعیت ہمدانیہ نے13جولائی1931کے شہداء کو خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ 13جولائی کشمیر کی تاریخ میںایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔حریت(ع) نے13 جولائی کے موقعہ پر1931 کے اولین شہداء کوخراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ اُن سرفروشوں نے اسلام ، ظلم و تشدد اور شخصی راج کی حکمرانی کے خلاف صدائے احتجاج بلند کرتے ہوئے اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کیا اور اس طرح جموںوکشمیر میں تحریک آزادی کی بنیادیں استوار کیں۔انہوں نے کہا کہ 1931 سے لیکر آج تک جموںوکشمیر کے عوام اُن کے بلند نصب العین اور بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ حق ، حق خودارادیت کے حصول کیلئے جان و مال اور عزت و آبرو کی مسلسل قربانیاں پیش کررہے ہیں ۔بیان کے مطابق کشمیر کے چپے چپے پر آ ج بھی ظلم و ستم ، مار دھاڑ ، گرفتاریاں اور بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں جاری ہیں ۔بیان میں کہا گیا ہے کہ پورے کشمیر کو ایک فوجی چھائونی میں تبدیل کردیا گیا ہے ، قائدین کی سیاسی اور مذہبی سرگرمیوں اور پر امن جلسے جلوسوں پر قدغن جاری ہے ۔اتحاد المسلمین کے سرپرست اعلیٰ مولانا محمد عباس انصاری نے خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ 13جولائی کشمیر کی تاریخ میں ایک خاص اہمیت و افادیت رکھتا ہے جس دن حق پرستوں نے آمریت، ظلم و تشدداور شخصی راج کے خلاف بہادرانہ انداز میں آوازبلند کی ۔ایک بیان میں مولانا عباس انصاری نے کہا کہ 13جولائی تحریک آزادی کشمیر میں ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تاریخ کشمیر کے ان مظلومین کا زخم بہت گہرا ہے لیکن افسوس کا مقام ہے کہ آٹھ دہائیوں سے زیادہ عرصہ گزرنے کے باوجود بھی ابھی تک کشمیری قوم کو انصاف نہیں ملا۔ انصاری نے جموں و کشمیر کے اولین شہداء کی یاد میں یوم شہداء منانے پر قدغن لگانے پر انتظامیہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ان شہداء کی قربانیوں کو تحفظ فراہم کرنا اور ان کے مشن کو پایہ تکمیل تک پہنچانا بہترین خراج عقیدت ہے۔ محاذآزادی نے خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر کی تاریخ میں یہ خونین دن انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ایک بیان میں تنظیم کے صدر محمد اقبال میرنے کہا کہ موجودہ جدوجہد13 جولائی 1931 کے شہداء کی تاریخ کا تسلسل ہے۔جمعیت ہمدانیہ کے سربراہ مولانا ریاض احمد ہمدانی نے خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ اِن پاک باز اور جانثار محب وطن نے کشمیری عوام کو صدیوں کی شخصی راج کی غلامی سے چھٹکارا دینے کی خاطر اپنا گرم گرم خون بہا کر جام شہادت نوش کیا۔ اس طرح سے کشمیری عوام کو شخصی راج کے ظلم وستم سے نجات دلایا ۔
تاریخ کا ایک انمول باب:نیشنل کانفرنس/پیپلز مومنٹ
سرینگر// نیشنل کانفرنس کی جانب سے13جولائی 1931کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے صبح سے ہی مزارشہداء واقع حضرت خواجہ نقشبند صاحبؒ خواجہ بازارمیں حاضری دی اور گلباری کی۔ اس موقع پر مزار شہداء میں 13 جولائی کی اہمیت بیان کی گئی ۔اس موقع پر پارٹی کے جنرل سیکریٹری ایڈوکیٹ علی محمد ساگر ، معاون جنرل سیکریٹری ڈاکٹر شیخ مصطفی کمال ، سینئر لیڈر ایڈوکیٹ عبدالرحیم راتھر ، جسٹس (ر)حسنین مسعودی،صوبائی صدر ناصر اسلم وانی ،مبارک گل، پیر زادہ احمد شاہ، شمیمہ فردوس، وسطی زون کے صدر علی محمد ڈار ، ، پارٹی لیڈران محمد سید آخون، شیخ اشفاق جبار، پیر آفاق احمد ، عرفان احمد شاہ ،تنویر صادق ، عمران نبی ڈار، سلمان ساگر ، سید فاروق احمد شاہ اور دیگر لیڈرانو کارکان موجود تھے۔ادھر جموں کشمیرپیپلزمومنٹ کے ایک وفد نے نائب صدرفیروزپیرزادہ کی قیادت میں مزار شہداء پرحاضری دیکر13جولائی1931کے شہداء کوخراج عقیدت پیش کیا ۔انہوں نے اس موقعہ پرکہا کہ اس دن کو جموں کشمیر کے لوگوں کی اپنے وقار،عزت اور جمہوری اقدار ،سماجی انصاف اور انسانی حقوق کی برقراری کیلئے جدوجہد کے آغازکے طور یادکیاجاتا ہے ۔اس دوران تنظیم کی جنرل سیکریٹری شہلا رشید نے خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانیاں ریاست کی تاریخ کاسنہراباب ہے۔پیپلز کانفرنس کاایک وفد نے ڈپٹی مئیر شیخ محمد عمران کی قیادت میں مزار شہداء جاکر شہداء کو خراج عقیدت ادا کیا۔ دریں اثناء پارٹی کے جنرل سیکریٹری عمران انصاری ،نائب صدر عبدالغنی وکیل،سینئر لیڈران عابد انصاری،راجا اعجاز علی،بشیر احمد ڈارمحمد عباس وانی جنید متو اور عدنان اشرف نے بھی خراج عقیدت ادا کیا۔