یو این آئی
نئی دہلی//وزیر اعظم نریندر مودی 15-17ستمبر کو جھارکھنڈ، گجرات اور اڈیسہ کا دورہ کریں گے اور 12,500کروڑ سے زیادہ کے ترقیاتی منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھیں گے اور افتتاح کریں گے۔وزیراعظم جھارکھنڈ کے ٹاٹا نگر ریلوے جنکشن پر ٹاٹا نگر-پٹنہ وندے بھارت ایکسپریس ٹرین کو بذات خود اور پانچ دیگر ٹرینوں کو ورچول طور پر ہری جھنڈی دکھائیں گے۔ وہ660کروڑ روپے سے زیادہ کے مختلف ریلوے پروجیکٹوں کا سنگ بنیاد رکھیں گے اور قوم کو وقف کریں گے۔ ٹاٹا نگر، جھارکھنڈ میں پردھان منتری آواس یوجنا گرامین کے 20ہزار مستفیدین کو بھی منظوری لیٹر تقسیم کیے جائیں گے۔وزیراعظم گاندھی نگر میں پی ایم سوریہ گھر مفت بجلی اسکیم کے استفادہ کنندگان سے بات چیت کریں گے۔ اس کے بعد وہ مہاتما مندر، گاندھی نگر، گجرات میں چوتھے قابل تجدید توانائی کے عالمی سرمایہ کاروں کے اجلاس اور ایکسپو دوبارہ سرمایہ کاری کا افتتاح کریں گے۔وزیر اعظم احمد آباد میٹرو ریل پروجیکٹ کا افتتاح کریں گے اور سیکشن 1 میٹرو اسٹیشن سے گفٹ سٹی میٹرو اسٹیشن تک میٹرو کی سواری کریں گے۔ مودی احمد آباد میں 8ہزار کروڑ روپے سے زیادہ کے کئی ترقیاتی پروجیکٹوں کا افتتاح اور سنگ بنیاد رکھیں گے۔17ستمبر کو وزیر اعظم اڈیسہ میں 3,800کروڑ روپے کے پرجکٹ کا اعلان کرنے کیلئے بھونیشور جائیں گے، جہاں وہ مختلف ترقیاتی منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔وہ پردھان منتری آواس یوجنا اربن کے استفادہ کنندگان سے بات چیت کریں گے۔جھارکھنڈ میں وزیر اعظم مودی 660کروڑ روپے سے زیادہ کے مختلف ریلوے پروجیکٹوں کا سنگ بنیاد رکھیں گے اور قوم کو وقف کریں گے۔ وہ جھارکھنڈ کے دیوگھر ضلع میں مادھو پور بائی پاس لائن اور ہزاری باغ ٹان کوچنگ ڈپو کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ اس کے مکمل ہونے کے بعد مادھو پور بائی پاس لائن ہاوڑہ-دہلی مین لائن پر ٹرینوں کی تاخیر سے بچنے میں مدد کرے گی اور اس اسٹیشن پر گریڈیہ اور جسیڈیہ اور ہزاری باغ ٹان کوچنگ ڈپو کے درمیان سفر کے وقت کو کم کرنے میں مدد کرے گی۔ وزیر اعظم 6 وندے بھارت ٹرینوں کو ہری جھنڈی دکھائیں گے۔