سرینگر// بورڈ آف اسکول ایجوکیشن کی جانب سے12ویں جماعت کے نتائج میں تمام شعبہ جات میں لڑکیوں نے لڑکوں پر برتری حاصل کرکے اول پوزیشنیں حاصل کی ہیں۔ بورڈ کی جانب سے گزشتہ برس نومبر -دسمبرمیں لئے گئے امتحانات میں72ہزار طلاب نے مجموعی طور پر شرکت کی تھی۔ان میں سے54,075طلبا و طالبات سرخرو ہوئے۔ گزٹ نوٹیفکیشن کے مطابق سائنس، کامرس اور ہوم سائنس شعبوںمیں لڑکیوں نے پہلی پوزیشن حاصل کی۔ کامیاب ہونے والے اُمیدواروںکی مجموعی شرح 75فیصد رہی ۔لڑکیوں کی شرح کا تناسب 78فیصد جبکہ لڑکوں کی شرح کا تناسب 72فیصد رہا۔370طلاب نے امتیازی پوزیشن ڈسٹنکشن حاصل کیا جبکہ 295طلبہ فسٹ ڈویژن میں پاس ہوئے ۔235سیکنڈاور177 تھرڈ ڈویژن میں کامیاب قرار دئیے گئے ۔سرینگر کے کشمیر ہارورڈ اسکول کی طالبہ عروسہ پرویز نے 500 میں سے 499 نمبرات حاصل کرکے سائنس اسٹریم میں پہلی پوزیشن حاصل کی۔جبکہ سمرہ حفیظ نے498نمبرات کیساتھ دوسری پوزیشن پائی ۔497نمبرات لیکر 4طالبات اور ایک طالب علم ثاقب بشیر لون مشترکہ طورپرتیسری پوزیشن حاصل کرسکے۔سائنس اسٹریم میں238طلبا نے ٹاپ 10پوزیشنیں حاصل کیں اور 98 فیصد سے زیادہ نمبر حاصل کئے۔شعبہ سائنس میں تقریباً180طلبہ نے99.2فیصد سے98فیصد تک نمبرات لیکر امتیازی پوزیشن میں جگہ بنائی ۔کشمیر ہارورڈ سے تعلق رکھنے والی تابندہ جان نے 497 نمبروں کے ساتھ کامرس اسٹریم میں پہلی پوزیشن حاصل کی۔جبکہ رتبہ بشیر اورسالک اشرف نامی طلبہ نے 99فیصد یعنی کل495نمبرات حاصل کرکے مشترکہ طورپر شعبہ کامرس میں دوسری پوزیشن پائی ۔4طلبہ نے98.8فیصد یعنی کل 494نمبرات حاصل کرکے مشترکہ طورپر کامرس میں تیسری پوزیشن پائی ۔دیگر26طلباء وطالبات نے کامرس شعبہ میں اچھے نمبرات پاکر امتیازی پوزیشن ڈسٹنکشن حاصل کرلی ۔ کامرس اسٹریم میں 33 طلبا نے ٹاپ 10 پوزیشنیں حاصل کیں۔گورنمنٹ گرلز ہائر سیکنڈری کوٹھی باغ کی شعبہ آرٹس میں ادیبہ مزمل ،حفصہ یوسف اورسہیل احمدڈار نامی طلبہ نے 99.2فیصد یعنی کل496نمبرات لیکر مشترکہ طورپر پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ افیففہ بشیر اورشیمہ یوسف نے495نمبرات لیکر مشترکہ طورپر دوسری اوردیگر چار طالبات نے494نمبرات لیکر مشترکہ طورپر آرٹس شعبہ میں تیسری امتیازی پوزیشن پرقبضہ کیا۔شعبہ ہوم سائنس میں ساہلہ نبی نے 495نمبرات لیکر پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ مسرت مشتاق نے493اوربسمہ یوسف نے492نمبرات لیکر بالترتیب دوسری اورتیسری پوزیشن حاصل کی ۔کامیاب قرار دیئے گئے 54,075 طلاب میں سے 23,573 ایسے تھے جنہوں نے 75 فیصد سے زیادہ نمبر حاصل کیے تھے۔