۔10ماہ6000ملازمتیں فراہم

 جموں //پچھلے دس مہینوں کے دوران سروس سلیکشن بورڈ اور پبلک سروس کمیشن نے ریاست میں 6000اسامیاں پُر کی ہیں جبکہ گزیٹیڈ اور نان گزیٹیڈ 10,000 اسامیوں کو پُرکرنے کے اقدامات سرعت سے جاری ہے ۔اس بات کا اظہار انتظامی سیکرٹریوں کی ایک اعلیٰ سطحی میں کیا گیا جس کی صدارت وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے کی۔میٹنگ کا انعقاد ایس ایس بی کی طرف سے اسامیوں کو پُر کرنے اور امید واروں کا انتخاب کرنے کے عمل کا جائزہ لینے کے سلسلے میں کیا گیا تھا۔میٹنگ میں بتایاگیا کہ اگلے مہینے کے آخر تک پبلک سروس کمیشن کی طرف سے 500 ڈاکٹروں کا انتخاب عمل میںلایا جائے گاتاکہ دیہی علاقوں میں ڈاکٹروں کی مانگ کے مسئلے سے نمٹاجاسکے۔میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے وزیرا علیٰ نے دونوں ایجنسیوں کو ہدایت دی کہ وہ التوأ میںپڑی اسامیوں کو پُر کرنے کے سلسلے میں دوگنی کوششیں عمل میں لائیں ۔انہوںنے چیئرمین ایس ایس بی سے کہا کہ وہ 31؍ مارچ کی تاریخ تمام التوأ میں پڑی اسامیوں کو پُر کرنے کے لئے مقرر کریں جبکہ پبلک سروس کمیشن بھی اعلیٰ تعلیم ، صحت ، و طبی تعلیم کے عملے کا انتخاب کرنے میں تیزی لائیں۔انہوںنے محکموں سے کہا کہ وہ خالی پڑی اسامیوں کا جائزہ لیں اور فوری انتخاب کے لئے انہیں ریکروٹمنٹ ایجنسیوں پُر کرنے کے ریفر کریں۔وزیر اعلیٰ نے انتظامی سیکرٹریوں سے کہا کہ وہ ڈپٹی کمشنروں کے ساتھ رابطہ رکھتے ہوئے مرکزی معاونت والی سکیموں و دیگر فلیگ شِپ پروگراموں پر جاری اخراجات کی نگرانی کریں۔ محبوبہ مفتی نے ہیلتھ سیکرٹری سے کہا کہ ریاست میں ہسپتالوں سے خارج ہو رہے غلاظت کو ٹھکانے لگانے، میڈیکل کالجوں میں جاری تعمیرات کے کام میں سرعت لانے اور وہاں عملے کو معرض وجود میں لانے کا ایک منصوبہ ترتیب دیں۔انہوںنے ان ڈاکٹروں کی فہرست پیش کرنے کی ہدایت دی جنہیں اُن کی ہدایات کے بعدڈٹیچ کر کے  اپنی اصلی جگہ پر تعینات کرنے کے اقدامات کئے گئے ہیں۔انہوںنے ہسپتالوں کے تشخیصی یونٹوں میں خواتین نرسنگ عملے کی تعیناتی کی ہدایت دی تاکہ مریضوں کو سہولیت حاصل ہو۔وزیر اعلیٰ نے پاور سیکرٹری کو ہدایت دی کہ وہ آلسٹینگ گرڈ سٹیشن پر شروع کئے گئے کام میں سرعت لائیں اور اس کی تکمیل مقررہ وقت میںیقینی بنائیں۔انہوں نے پاور سیکرٹری سے یہ بھی کہا کہ سردی کے مہینوں کے دوران ریاست میں بجلی کی تقسیم کاری کی نگرانی کریں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ باہر سے اضافی بجلی حاصل کرنے کے بعد لوگوں کو راحت حاصل ہوئی ہے۔انہوں نے ریاست کے شہروں اور قصبوں میں سٹریٹ اور ٹریفک لائیٹیں نصب کرنے کے عمل میں تیزی لانے کی ہدایت دی۔ وزیراعلیٰ نے نریگا کے تحت رقومات کی واگذاری ، تحصیلداروں اور ایس ڈی ایمز کی تعیناتی ، ڈرگ ڈی ایڈکشن ، ٹریفک کے دبائو کو کم کرنے ، ناجائزتعمیرات کو ہٹانے جیسے معاملات پر غور و خوض کیا۔