نئی دہلی//یو این آئی// ایم آئی اور ریڈمی برانڈ سے اسمارٹ فون اور دیگر آئی ٹی مصنوعات بنانے والی شیاؤمی ٹیکنالوجی انڈیا پرائیویٹ لمیٹڈ (شیاؤمی انڈیا)کو حکومت نے 653 روپے کی کسٹم چوری کی بابت وجہ بتاؤ نوٹس جاری کرکے یہ رقم وصولی کا عمل شروع کیا ہے ۔ وزارت خزانہ نے کل یہاں جاری ایک بیان میں کہا کہ ڈائریکٹوریٹ آف ریونیو ویجیلنس نے شیاؤمی انڈیا کی طرف سے کسٹم چوری کے بارے میں انٹیلی جنس معلومات حاصل کرنے کے بعد تحقیقات شروع کی۔ شیاؤمی انڈیا اور اس کے کنٹریکٹ مینوفیکچرر سے تفتیش کی گئی۔ اس دوران ڈائریکٹوریٹ نے شیاؤمی انڈیا کے احاطے پر بھی چھاپے مارے اور اس سلسلے میں شواہد اکٹھے کیے گئے ، جن میں امریکی کمپنی کوالکام اور چین کی بیجنگ شیاؤمی موبائل سافٹ ویئر کمپنی لمیٹڈ کو رائلٹی اور لائسنس فیس وغیرہ کی ادائیگی کے بارے میں معلومات ملی۔ اس دوران شیاؤمی انڈیا کے اہم افراد اور اس کے کنٹریکٹ مینوفیکچرر کے بیانات بھی لیے گئے ، جس میں شیاؤمی انڈیا کے ایک ڈائریکٹر نے بھی رائلٹی اور لائسنس فیس وغیرہ کی ادائیگی کی تصدیق کی۔