سرینگر//مسلسل 4 دنوں تک برف وباراں کاسلسلہ جاری رہنے کے بعدجمعرات کو وادی اور خطہ چناب میں موسمی صورتحال میں خوشگوار تبدیلی دیکھنے کوملی ۔ دن بھر کچھ وقت کیلئے دھوپ بھی کھلی اور درجہ حرارت میں قدرے بہتری بھی آئی۔گزشتہ سنیچر اوراتوارکی درمیانی رات بادوباراں کاسلسلہ شروع ہونے کے بعدپوری وادی اور خطہ چناب میں بدھ تک موسمی صورتحال خراب رہی ۔کیونکہ مسلسل چاردنوں تک وقفے وقفے سے بارشوں اورتازہ برف باری کاسلسلہ جاری رہا۔سوموار اورمنگل کی درمیانی رات مسلسل کئی گھنٹوں تک موسلادھار بارشیں ہونے کے بعد ندی نالوںمیں پانی کی سطح بڑھ گئی تھی۔ موسلا دھار بارشوں سے ندی نالوں میں آئی طغیانی کی وجہ سے کئی چھوٹے پلوں اورپگڈنڈیوں وسڑکوں کیساتھ ساتھ زمین کھسک جانے کے باعث رہائشی وغیررہائشی عمارات کو نقصان پہنچا ۔محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ 28اور29مارچ کو برف باری اور بارشوں کا ایک اور مرحلہ شروع ہو گا ۔محکمہ نے کہا کہ 28تک موسم صاف رہے گا ۔