۔ 370 خاتمے کے بعد جمہوریت وترقی کا دروازہ کھلا

جموں //مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے ہفتہ کو کہا کہ جموں و کشمیر میں آرٹیکل 370 کی منسوخی کے بعد مرکز کی سب سے بڑی کامیابی یہ تھی کہ پہلی بار "ہم نے دہشت گردی پر فیصلہ کن کنٹرول حاصل کیا ہے‘‘۔انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر حکومت نے کامیابی کے ساتھ 33000 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کو یقینی بنانے میں کامیابی حاصل کی ہے جبکہ UT میں جمہوریت کو نچلی سطح تک لے جایا گیا ہے۔ جموں میں سی آر پی ایف کے 83 ویں یوم تاسیس سے خطاب کرتے ہوئے، مرکزی وزیر داخلہ نے کہا کہ آرٹیکل 370 کی منسوخی کے بعد سب سے بڑی کامیابی "ہمارا دہشت گردی پر فیصلہ کن کنٹرول ہے‘‘۔اس کے علاوہ آج جموں و کشمیر میں جمہوریت پھل پھول رہی ہے کیونکہ ہمارے پاس ہر گاؤں میں سرپنچ اور پنچ ہیں۔ قومی شاہراہوں کو اپ گریڈ کیا جا رہا ہے اور جموں و کشمیر کی ترقی کے لیے تمام جدید ذرائع استعمال کیے جا رہے ہیں اور ہر شعبے میں ریکارڈ کامیابیاں حاصل کی جا رہی ہیں۔مرکزی وزیر داخلہ نے کہا کہ جموں و کشمیر کے سات نئے میڈیکل کالج اور دو ایمز جلد ہی کام شروع کر دیں گے جبکہ لوگوں کو بدعنوانی سے پاک حکومت فراہم کرنے کی تمام کوششیں کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں شیاما پرساد مکھرجی اور پنڈت پریم ناتھ ڈوگرا کا خواب اور ویژن ایک پردھان، ایک ودھان، ایک نشان پورا ہوا ہے۔ انکا کہنا تھا کہ ’’آج،شیاماپرساد مکھرجی کی روح کو یہ بہترین خراج عقیدت ہے کہ ہندوستان بھر میں ایک جھنڈا، ایک آئین اور ایک لیڈر ہے‘‘۔سی آر پی ایف کی تعریف کرتے ہوئے، شاہ نے کہا کہ چاہے وہ امن و امان کو برقرار رکھنا ہو، جموں و کشمیر میں دہشت گردی سے لڑنا ہو، یا نکسلیوں کا خاتمہ ہو، اس فورس نے ملک کی بہترین پولیس فورس ہونے کا اپنا ٹیگ برقرار رکھا ہے۔انہوں نے کہا کہ مرکز سی آر پی ایف کو نئی بلندیوں پر لے جانے اور تمام جدید آلات اور ٹیکنالوجی کے ساتھ فورس کو جوڑنے کے لیے پرعزم ہے۔ "مجھے یقین ہے کہ سی آر پی ایف جلد ہی ملک کی ایلیٹ فورس کے طور پر ابھرے گی۔ا امت شاہ نے کہا کہ سی آر پی ایف نے طویل عرصے سے ہندوستان میں لوگوں کو ’حفاظت اور تحفظ کا احساس‘فراہم کرنے کا کام کیا ہے۔مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کاکہناتھا کہ ’’انتخاب جمہوریت کا تہوار ہے اور منصفانہ انتخابات جمہوری ملک کی روح ہے‘‘۔انہوں نے مزید کہا کہ جب بھی ہندوستان میں لوک سبھا یا اسمبلی کے انتخابات ہوتے ہیں، تو سی آرپی ایف پورے ملک میں پرامن طریقے سے انتخابات کرانے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ جب بھی سی آر پی ایف کو کسی مشکل صورتحال سے نمٹنے کے لئے بلایا جاتا ہے، لوگ یہ جانتے ہوئے راحت کی سانس لیتے ہیں کہ حالات کو فوری طور پر قابو میں لایا جائے گا۔