سرینگر // تاریخ میں پہلی بار جموں کشمیر پولیس کے ایک افسر سمیت 3جوانوں کو بہادری اور شجاعت کےلئے ملک کے تین سب سے بڑے فوجی اعزازات سے نوازا گیا ہے۔ لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا اور ڈائریکٹر جنرل پولیس دلباغ سنگھ نے اس فیصلے کو پولیس کی گراں قدر خدمات کا صلہ قرار دیگر اسے سب سے بڑا انعام قرار دیا ہے۔اسسٹنٹ سب انسپکٹر بابو رام، کانسٹیبل محمد الطاف حسین اور ایس پی او شہباز احمد کو بالترتیب اشوک چکر،کرتی چکر اور سوریہ چکر دیا گیا ہے۔تینوں نے گذشتہ برس جنگجوﺅں کیخلاف آپریشن میں حصہ لیا تھا اور دوران تصادم آرائی جاں بحق ہوئے ہیں۔اے ایس آئی بابو رام مینڈھر پونچھ کے رہنے والے تھے۔29اگست 2020کو پانتہ چھوک میں موٹر سائیکل پر سوار جنگجوﺅں نے تلاشی پارٹی پر فائرنگ کی جس کے بعد جنگجو دھوبی محلہ میں گھس گئے جنہیں گھیرے میں لیا گیا اور دوران جھڑپ3جنگجو مارے گئے جس کے دوران بابو رام بھی شدید ہوا اور بعد میں دم توڑ بیٹھا۔بابو رام کو انکونٹر سپیشلسٹ مانا جاتا تھا جس نے 14مسلح جھڑپوں میں حصہ لیا تھا جن میں 28جنگجو مارے گئے تھے۔
انہیں بعد از مرگ اشوک چکر سے نوازا گیا ہے۔کانسٹیبل الطاف حسین صفا کدل سرینگر سے تعلق رکھتا تھا اور وہ پچھلے سال6اکتوبر کو گاندربل میں ایک سیاسی لیڈر کی حفاظت پر مامور تھا جس کے دوران جنگجوﺅں نے سیاسی لیڈر پر حملہ کیا لیکن الطاف نے حملے کا جواب دیا اور سیاسی لیڈر کی جان بچائی لیکن خود کی جان دیدی۔انہیں کیرتی چکر سے نوازا گیا ہے۔ایس پی او شہباز احمد ساکن حیات پورہ راجوری ملی ٹینسی کیخلاف آپریشنوں میں پیش پیش رہے۔21جنوری 2020کو زین تراگ ناگندر کھریو میں جنگجوﺅں کی موجودگی کے بعد آپریشن کیا گیا اور مسلح جھڑپ 2دن تک جاری رہی۔جھڑپ میں جیش کے تین جنگجو جاں بحق ہوئے اور ایس پی او شہباز نے بھی جان دیدی۔ انہیں بھی بعد از مرگ سوریہ چکر سے نوازا گیا ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا ہے” یہ انتہائی فخر کا مقام ہے“۔
انکا کہنا تھا کہ پولیس نے جس بہادری سے ملکی سالمیت کےلئے جانیں دیں وہ انتہائی فخر کا مقام ہے،جنگجوﺅں کیخلاف بہادری سے لڑنے کے دوران پولیس کی قربانیوں پر فخر ہے۔ڈائریکٹر جنرل پولیس دلباغ سنگھ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ وہ مرکزی وزارت داخلہ ، مرکزی وزارت دفاع اور جموں کشمیر انتظامیہ کے شکر گذار ہیں جنہوں نے پولیس کی قربانیوں کو تسلیم کر کے انہیں اس کا صلہ دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ پولیس فورس کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جو مشکل حالات میں اپنی ڈیوٹیاں سر انجام دینے کے دوران قربانیاں پیش کررہے ہیں۔ادھرسرکار نے15اگست کے موقعہ پر9 سرکاری افسران کو لیفٹیننٹ گورنر ایورڑ سے نوازنے کا اعلان کیا ہے۔ عمومی انتظامی محکمہ کے ایڈیشنل سیکریٹری روہت شرما کی جانب سے جاری اس آرڈ رمیں کہا گیا کہ اعزاز پانے والے ہر افسر کے حق میں طلائی تمغہ(گولڈ میڈل)،سند اور51ہزار روپے نقدی کے علاوہ توصیفی اسناد دیئے جائیں گے۔ ایوارڈ پانے والے افسراں میں مکانات و شہری ترقی محکمہ کے پرنسپل سیکریٹری دھیرج گپتا، عمومی انتظامی محکمہ کے کمشنر سیکریٹری منوج کمار دیویدی، محکمہ شہری رسدات،امور صارفین و عوامی تقسیم کاری کے کمشنر سیکریٹری زبیر احمد،ایکسائز کمشنرراہل شرما، انرجی ڈیولپمنٹ ایجنسی کی چیف ایگزیکٹو افسر بابیلا رکوال، جموں پاﺅر ڈیولپمنٹ کارپوریشن لمیٹیڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر انجینئر گورمیت سنگھ،محکمہ جل شکتی کے سپر انٹنڈنٹ انجینئر آفاق شوکت، سی ڈی اسپتال جموں کے میڈیکل سپر انٹنڈنٹ ڈاکٹر راجیشور شرما اور چیف میڈیکل افسر بڈگام ڈاکٹر تجمل حسین خان شامل ہیں۔ادھرجموں وکشمیرپولیس کے275سینئروجونیئرافسروں اورجوانوں کوامسال یوم آزدی کے موقعہ پربہادری،مخصوص اورشاندارخدمات انجام دینے کیلئے ایوارڈسے نوازاگیا ہے۔ سب انسپکٹرامردیپ کوصدارتی پولیس میڈل کیلئے منتخب کیاگیاہے۔ جموں وکشمیر پولیس کے ایک ایس پی اورایک ڈی ایس پی کوصدارتی پولیس میڈل کیلئے منتخب کیا گیاہے ،اورایس پی سی آئی ڈی ہیڈکوارٹرپران ناتھ پنڈتا اورڈی ایس پی (ایس )آرمڈپولیس ہیڈکوارٹرسجادحسین کو75ویں یوم آزادی کے موقعہ پرصدارتی پولیس میڈل سے نوازاجائیگا۔16افسروں کوپولیس میڈل کیلئے منتخب کیا گیاہے ،جن میں ایس ایس پی جاویدحسین بٹ ایس اﺅآئی جی پی کشمیرزون ،پرنسپل سی ٹی سی لیتہ پورہ تنویرجیلانی ،آئی آرپی 7ویں بٹالین کوٹ بلوال سیری جموں کے کمانڈنگ افسرایس ایس پی محمدشریف چوہان اورسب انسپکٹر منظوراحمدخان پی سی ہندوارہ کپوارہ بھی شامل ہیں ۔