سرینگر //جموںو کشمیر میں 26جنوری کی تقریبات کو پُر امن طور منعقد کرنے کے لئے بڑے پیما نے پر تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں جس دوران یہاں بھیڑ باڑ والے علاقوں ،بازاروں اور سڑکوں پر چل رہے مسافرگاڑیوں ،موٹر سائیکل سواروں اور عام لوگوں کو جگہ جگہ تلاشیوں کا سامنا کر نا پڑ رہا ہے ۔ جموں اور کشمیر میںسیکورٹی فورسز ہائی الرٹ پر ہیں ۔حکام نے کہا کہ ہائی وے کے ساتھ حفاظتی سیٹ اپ ہائی الرٹ پر ہے اور ملک دشمن عناصر کے کسی بھی منصوبے کو ناکام بنانے کے اقدام کے طور پر چیکنگ کو تیز کر دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ کٹھوعہ اور سانبہ کے جڑواں سرحدی ضلع میں بھی سیکورٹی سخت کر دی گئی ہے۔وادی میں خاص طور پر حفاظتی اقدامات سخت کردیئے گئے ہیں۔ سیکورٹی فورسز نے اپنی گشت میں تیزی لائی ہے اس حوالے سے شہر سرینگر سمیت وادی کے باقی علاقوں میں تلاشی کارروائیوں کا سلسلہ تیز کیا گیا ہے۔شہر سرینگر میں ناکے لگانے کے مقامام میں اضافہ کردیا گیا ہے۔گاڑیوں کی تلاشیاں لی جارہی ہیں،راہگیروں سے پوچھ تاچھ کا عمل جاری ہے اور لوگوں کے شناختی کارڈ چیک کئے جارہے ہیں۔کرکٹ سٹیڈیم کے ارد گرد سیکورٹی میں اضافہ کیا گیا ہے۔