سرینگر // ریاستی سرکار نے ریاستی انسانی حقوق کمیشن میں دونوں آنکھوں کی بینائی متاثر ہونے والے افراد کی جو فہرست داخل کی ہے وہ اس فہرست سے متصادم ہے جو صدر اسپتال کے امراض چشم شعبے نے ریاستی سرکار کو بھیج دی ہے۔کشمیر عظمیٰ کو دستیاب اسپتال دستاویزات، جو ریاستی سرکار کے پاس بھی موجود ہے ، میں 19نہیں بلکہ 22افراد کی نشاندہی کی گئی ہے جن کی دونوں آنکھیں ناکارہ ہوچکی ہیں۔سرکاری دستاویزات کے مطابق 2016 کی ایجی ٹیشن کے دوران 22نوجوان دونوں آنکھوں کی بینائی سے مکمل طور پرمحروم ہوئے ہیں جبکہ 116افراد ایک آنکھ کی بصارت کھو چکے ہیں۔ صدر اسپتال سرینگر کے ا عدادوشمار کے مطابق 8جولائی 2016سے لیکر 8دسمبر2016تک صدر اسپتال سرینگر کے شعبہ امراض چشم میں 1034زخمی نوجوانوں کو علاج ومعالجے کیلئے داخل کیا گیا جبکہ73نوجوانوں کا علاج و معالجہ او پی ڈی میں کیا گیا ۔ آنکھوں پر پیلٹ لگنے سے زخمی ہونے والے1107نوجوانوں میں 22نوجوانوں کی بینائی مکمل طور پر گئی ہے جبکہ116نوجوان کی ایک آنکھ کی بینائی متاثر ہوئی ہے۔کشمیر عظمیٰ کے پاس دستیاب سرکاری دستاویزات میں اس بات کی نشاندہی کی گئی ہے کہ جنوبی کشمیر کے پلوامہ، شوپیان اور اننت ناگ میں 10نوجوان بصارت سے محروم ہوچکے ہیں۔جو 22 نوجوان عمر بھر کیلئے بصارت کھو چکے ہیں ان میں سے 5 کا تعلق جنوبی کشمیر کے پلوامہ ضلاع سے ہے ،جن میں 21سالہ شبیر احمد ملک ولد عبدالغفار ملک، 12سالہ عمر نذیر ولد نذیر احمد گنائی ساکن راجپورہ ، 26سالہ شہنواز احمد، 21سالہ جاوید احمد ولد محمد سلطان اور 22سالہ عمر فیاض ولد فیاض احمد شامل ہیں ۔ جنوبی ضلع شوپیاں سے تعلق رکھنے والے3 نوجوانوں میں14سالہ کمسن طالبہ انشاء مشتاق ولد مشتاق احمد ساکن سدھو ، 45سالہ گلزار احمد ولد ولی محمد میر اور16سالہ ساحل حمید بٹ ولد عبدالحمید بٹ پیلٹ لگنے کی وجہ سے دونوں آنکھوں کی بینائی سے محروم ہوئے ہیں۔جنوبی کشمیر کے اننت ناگ ضلع میں2نوجوان دونوں آنکھوں کی بینائی سے محروم ہوئے ہیں جن میں23 سالہ عادل رشید بٹ ولد عبدالرشید بٹ اور28 شفقت نذیر ولد نذیر احمد نجار ساکن بجبہاڑہ شامل ہیں۔شمالی کشمیر کے تین اضلاع بارہمولہ، کپوارہ اور بانڈی پورہ میں 7نوجوان دونوں آنکھوں کی بینائی سے محروم ہوئے ہیں۔ ان میں سوپور کے 3نوجوان شامل ہیں۔ ان میں 35سالہ فردوس احمد ولد گلزار احمد ، 22سالہ شبیر احمد ولد محمد شفیع اور 20سالہ اعجاز احمد میر ولد غلام قادر میر ساکن رفیع آباد شامل ہیں۔ شمالی کشمیر کے کپوارہ میں احتجاجی مظاہرین پر چلائے گئے آہنی چھروں کی وجہ سے 2نوجوان دونوں آنکھوں کی بینائی سے محروم ہوئے ہیں ۔ان میں 21سالہ محمد سلیم ملک و لد غلام محمد ملک اور 30سالہ عبدالاحد بٹ ولد غلام محمد بٹ شامل ہیں۔بارہمولہ ضلع میں فورسز اہلکاروں کی طرف سے چلائے گئے آہنی چھروں کی وجہ سے 2 نوجوان مکمل طور پر دونوں آنکھوں کی بینائی سے محروم ہوئے ہیں ۔ان میں 21سالہ آصف ڈار ولد محمد سبحان ڈارساکن خان پورہ اور 22 سالہ فاروق احمد ولد غلام رسول ڈار ساکن پلہالن قابل ذکر ہیں۔وسطی کشمیر کے 3 اضلاع سرینگر، بڈگام اور گاندربل میں 5نوجوان بینائی سے محروم ہوئے ۔ان میں سرینگر کے رعناواری علاقے سے تعلق رکھنے والے 20سالہ دانش رجب ولد عبدالرجب ساکن نائید یار، 22سالہ داود احمد شیخ ولد ریاض احمد اور 16سالہ فیضان احمد شیخ ولد نذیر احمد ساکن نوا ب بازار سرینگر شامل ہیں۔ ضلع بڈگام میں 24سالہ خالد معروف اور 21سالہ عبدالرشید ولد غلام نبی ساکن چاڈورہ کے نام بھی شامل ہیں۔