سرینگر//جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے پیر کو کہا کہ کوویڈ کی تیسری لہر کی رفتار کم ہونا شروع ہوگئی ہے اور اگر اگلے 15 دنوں میں صورتحال مزید بہتر ہوتی ہے تو حکومت جموں کشمیرمیں اسکولوں اور کالجوں کو دوبارہ کھولنے کے معاملے کو زیر غور لائے گی۔ سرینگر میں ایک تقریب کے حاشیہ پر نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے منوج سنہا نے کہا’’میں کوویڈ کی تیسری لہر سے لڑنے میں ڈاکٹروں اور نیم طبی عملے کی طرف سے کی جانے والی کوششوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے سراہتا ہوں، لگتا ہے لہر اب تھم گئی ہے، اگر اگلے 15 دنوں میں حالات مزید بہتر ہوتے ہیں، تو ہم یقینی طور پر جموں و کشمیر میں اسکولوں اور کالجوں کو دوبارہ کھولنے پر غور کریں گے‘‘۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ حکومت نے جموں و کشمیر میں تقریباًً 1400 سے 1500 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری حاصل کی ہے اور مزید سرمایہ کاری کے لیے 70,000 کروڑ روپے کی زمین فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔سنہا نے کہاکہ یکم مارچ کو حکومت ایک اہم سرمایہ کاری کی تقریب منعقد کرے گی جو 20,000 سے 25,000 کروڑ روپے تک کی ہوگی۔سنہا نے کہا کہ لال چوک میں جہلم کنارے کا حصہ تفریحی سرگرمیوں کے لیے تیار کیا جائے گا جس میں کشمیر کی بھرپور ثقافت کی عکاسی کی جائے گی۔اکتوبر 2019 سے پہلے سرکاری اسامیوں کو واپس لینے پر منوج سنہا نے کہا کہ بھرتی کا طریقہ کار بدل گیا ہے اور تمام عہدوں کو نئے قواعد و ضوابط کے مطابق دوبارہ مشتہر کیا جائے گا۔ادھر جموں میںلیفٹیننٹ گورنر نے راج بھون میں جے اینڈ کے سنگل وِنڈو کلیئر نس سسٹم کا آغاز کیا اور اس کو نیشنل سنگل وِنڈو سسٹم کے ساتھ مربوط کیا۔سِنگل وِنڈو سسٹم پر 130 صنعتی خدمات کو آن لائن کیا گیا ہے اور اِس برس زائد اَز 160 خدمات کو مربوط کیا جائے گا۔ لیفٹیننٹ گورنر نے صنعتی ماحولیاتی نظام کو اِس طریقے سے مضبوط کرنے کے لئے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا کہ جموںوکشمیر میں ہمارے معاشرے کے تمام طبقوں کو فوائد پہنچیں۔اُنہوں نے کہا کہ جموںوکشمیر سنگل وِنڈو کلیئرنس سسٹم جموںوکشمیر میں سرمایہ کاری کو آسان بنانے کے لئے جموںوکشمیر یوٹی حکومت کا ایک تاریخی اقدام ہے ۔ اُنہوں نے مزید کہا،’’ اِن اصلاحات نے ہمیں ایک برس کے اَندر مختلف شعبوں میں 70,000 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کی تجاویز حاصل کرنے میں مدد کی ہے۔‘‘اُنہوں نے صنعت کاری میں برسوں کی خراب کارکردگی کے بعد جموںوکشمیر اَپنی ترقی کی رفتار میں ایک نئے مرحلے میں داخل ہوا ہے ۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ رئیل اسٹیٹ ، باغبانی اور سیاحت سمیت متحرک شعبوں کی ترقی پر توجہ دی جارہی ہے ۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا،’’ ہم جموںوکشمیر کے بجلی اور سڑک کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط کر رہے ہیں اور رابطے اور امن و اَمان کی صورتحال کو بہتر بنا رہے ہیں۔ ہم نے ہمارے بنیادی ڈھانچے کو اَپ گریڈ کرنے کے لئے تقریباًایک لاکھ کروڑ روپے کی لاگت سے ایک بڑا پروگرام شروع کیا ہے ۔