سرینگر// جموں کشمیر بنک ریاست کے دوردرازعلاقوں میں لوگوں تک آسان بنکنگ سہولیات پہنچانے کے اپنے مشن پر کاربند ہے ۔اس بات کااظہار بنک کی چیف فائنانشل افسررجنی صراف نے کشتواڑ میں جموں کشمیر بنک کے6نئے اے ٹی ایمزاور بنک کی ٹی پی شاخ کی نئی عمارت کاافتتاح کرنے کے موقعہ پر کیا۔جموں و کشمیر بینک نے کل اپنے ATMدائرے میں چھ اور نئے اے ٹی ایمز کا اضافہ کیا جب کشتواڑ ضلع میں مختلف مقامات پر جے کے بینک کے 6نئے اے ٹی ایم نصب کئے گئے۔ ضلع کے دور دراز علاقوں میں چھ میں سے چار اے ٹی ایم بینک شاخوں سے دور ہیں جن میں ملک مارکیٹ، تلسی نگر،، پلمار اور سرتھال مقامات شامل ہیں، جبکہ دو اے ٹی ایم تحصیل پمریمسس کشتواڑ برانچ اور ڈول ہستی برانچ میں قائم کئے گئے ۔ اس کے علاوہ ٹی پی برانچ کشتواڑ کی نئی عمارت کا افتتاح بھی کیا گیا۔جے کے بینک کی پریزیڈنٹ اور چیف فائنانشل آفیسر رجنی صراف نے ان اے ٹی ایمز اور نئی بینک عمارت کا افتتاح کیا۔اُن کے ہمراہ زونل ہیڈ جموں نارتھ ڈوڈہ سجاد حسین ملک، کلسٹر ہیڈ ششی شرما اور دیگر کاروباری لوگ تھے۔ اس موقعہ پر رجنی صراف نے کہا کہ بینک اپنے اس مشن پر کاربند ہے کہ ریاست کے دور دارز علاقوں تک آسان بینکنگ سہولیات پہنچائی جائے ۔انہوں نے کہا کہ ریاست کے سب سے بڑے مالی ادارہ جے کے بینک کے پاس بہترین انسانی وسائل اور قابلیت ہے اور یہ بینک ریاست کے کونے کونے میں اپنی خدمات کوپہنچانے میں پر عزم ہے۔انہوں نے کہا کہ روایتی بینک کاری سے ہٹ کر یہ بینک سماجی خدمات بہم رکھنے میں پیش پیش رہتا ہے تاکہ ریاستی لوگوں کو مالی طور خود کفیل بنایا جائے اور انکے بھروسے کو جیتا جائے۔رجنی صراف نے کہا کہ بینک کا ہر گاہک ہماری ترجیحات میں رہتا ہے اور کشتواڑ ضلع کے دور دراز علاقوں میں ATMسہولیت کو بہم رکھنا ہمارے گاہکوں کی اہم ضرورت تھی تاکہ انہیں ہر وقت کیش دستیاب رہے۔ رجنی صراف نے اپنے افسراں کو موقع پر یہ ہدایت بھی دیں کہ وہ اپنے گاہکوں کو ڈجیٹل پروڈکٹس کی جانکاری دے تاکہ وہ موجودہ دور کی ٹیکنالوجی سے بھر پور فائدہ اٹھاسکیں جن میں موبائل بینکنگ، ایم پے اپلیکیشن، ڈیبٹ کارڈ، کریڈٹ کارڈ اور انٹر نیٹ بینکنگ شامل ہیں۔نئی آٹو میٹڈ ٹیلر مشینوں کے علاوہ ٹی پی کشتواڑ برانچ کی نئی عمارت کا افتتاح کرتے ہوئے رجنی صراف نے کہاہمیں اپنے گاہکوں کی امیدوں پر پورا اترنا ہوگا اور انہیں نئی ٹیکنالوجی سے باخبر رکھنا ہوگا۔انہوں نے موقع پر اپنی ٹیم کو یہ ہدایات بھی دیں کہ وہ انکی ضرورتوں کے مطابق اپنے پروڈکٹس ترتیب دیں۔کشتواڑ ضلع میں چھ نئے اے ٹی ایم چالو کرنے کے ساتھ ہی ضلع میں جے کے بینک اے ٹی ایمز کی تعداد اٹھارہ ہوگئی ہے اور مجموعی طور پر ملک بھر میں بینک ATMsکی تعداد 1316تک پہنچ گئی ہے۔