راجوری//راجوری کی بابا غلام شاہ بادشاہ یونیورسٹی میں منعقدہ ہوسٹل پریمیئر لیگ منگل کواختتام پذیر ہوئی جس میں یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر اکبر مسعود نے مختلف زمروں میں جیتنے والوں کو انعامات سے نوازا۔ہوسٹل پریمیئر لیگ کا انعقاد بی جے آر سی ہوسٹل، بی جی ایس بی یونیورسٹی کے سرسید ہال کے ساتھ کیا گیا تھا جس کی لیگ 27 ستمبر کو یونیورسٹی کے کھیل کے میدان میں شروع ہوئی تھی اور اس میں مختلف زمروں میں طلباء کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔کرکٹ میں کل سولہ ٹیموں نے حصہ لیا، فٹ بال میں آٹھ ٹیموں، ٹیبل ٹینس میں دس ٹیموں اور والی بال میں چار ٹیموں نے حصہ لیا۔کرکٹ کا فائنل میچ ٹیچنگ فیکلٹی اور سپارٹنز کے درمیان کھیلا گیا جس میں ٹیچنگ فیکلٹی کی ٹیم نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد سپارٹنز کو سات وکٹوں سے شکست دے کر کامیابی حاصل کی۔دیگر مختلف زمروں میں جیتنے والوں میں والی بال میں ریاضی شعبہ اور شعبہ انفارمیشن ٹیکنالوجی نے ٹیبل ٹینس میں کامیابی حاصل کی ۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے بی جی ایس بی یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر اکبر مسعود نے ایونٹ کے انعقاد پر ایچ پی ایل کی انتظامیہ کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے کھیلوں کے مقابلوں کا مقصد طلباء کو تعمیری سرگرمیوں میں شامل کرنا اور انہیں اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے لئے ایک پلیٹ فارم مہیا کرنا ہے۔اپنے خطاب میں پروفیسر اقبال پرویز، ڈین اکیڈمک افیئرز نے ٹیموں کو مختلف کیٹگریز میں حصہ لینے پر مبارکباد دی اور کہا کہ اس طرح کے ایونٹ طلباء کی ہمہ گیر ترقی کے لئے اہم ہیں۔اس موقع پر رجسٹرارمحمد اسحاق، ڈینز، اور ایسوسی ایٹ ڈینز، مختلف شعبہ جات کے سربراہان، افسران اور یونیورسٹی کے عہدیداران موجود تھے۔