سرینگر// ریاستی الیکشن محکمہ، رہ گئے اہل ووٹروں کو درج کرنے کے لئے یکم جولائی ایک ماہ طویل خصوصی مہم شروع کررہا ہے اور اس دوران ریاست میں 18برس عمرپانے والے پہلی مرتبہ کے ووٹروں کی طرف خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔یہ جانکاری جوائنٹ چیف الیکٹورل آفیسر ڈاکٹر رمن کمار کیسر نے سرینگر میں ایک میٹنگ کے دوران دی۔اس موقعہ پر اس مہم کو کامیابی سے ہمکنار کرانے کیلئے خدو خال پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا گیا۔جوائنٹ چیف الیکٹورل آفیسر نے کہا کہ الیکشن کمیشن آف انڈیا اس بات کے لئے متواتر کوششیں کررہا ہے کہ زیادہ سے زیادہ اہل ووٹروں کو درج کر کے ایک ایسا چنائو فہرست تیار کیا جائے جو کوتاہیوں سے پاک ہو۔انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے وقتاًفوقتاً ملکی سطحی کی جامع مہمات بھی چلائی جاتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن آف انڈیا اس سال یکم جولائی سے ایک ماہ طویل پروگرام چلارہا ہے تاکہ 18 سے 19برس عمر تک کے تمام اہل ووٹروں کو وٹر فہرستوں میں درج کیا جاسکے اور اس بات کو یقین بنایا جاسکے کہ کوئی بھی اہل ووٹر اندراج کے بغیر نہ رہ جائے ۔ڈاکٹر رمن کیسر نے کہا کہ 8اور 22جولائی 2017ء کو پولنگ سٹیشنو ں پر خصوصی کیمپ منعقد کئے جائیں گے جہاں بوتھ لیول افسران فارم 6 کی مناسب تعداد لے کر حاضر ہوں گے اور درخواست دہندگان سے فارم وصول کریں گے۔فارم6 بی ایل او سے حاصل کئے جاسکتے ہیں یاپھر یہ فارم چیف الیکٹورل آفیسر جموں وکشمیر کی سرکاری ویب سائٹ ceojk.nic.inسے بھی ڈاون لوڈ کئے جاسکتے ہیں۔جوائنٹ چیف الیکٹورل آفیسر نے کہا کہ اسی طرح کے خصوصی کیمپ جن کے لئے تاریخوں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا، کالجوں ، پالی ٹیکنک کالجوں ، صنعتی تربیتی اداروں ،بی ایڈ اورنرسنگ کالجو ںمیں بھی منعقد کئے جائیں گے تاکہ زیادہ سے زیادہ تعداد میں اہل ووٹروں کو اس مہم کے دائرے میں لایا جاسکے۔ڈاکٹر رمن کیسر نے کہا کہ خصوصی مہم کے دوران فوت ہوئے رائے دہندگان کے ناموں کو ووٹر فہرستوں سے خارج کیا جائے گا جس کے لئے اعداد و شمار رجسٹرار آف ڈتھس کے دفتر سے حاصل کی جائیں گی یا اس حوالے سے مقامی طور پر رہائش پذیر 2افراد کے بیانات قلم بند کئے جائیں گے۔علاوہ ازیں بوتھ لیول افسران گھر گھر جاکر نئے ووٹروں کو شامل کرنے ، فوت ہوئے ووٹر کے نام کو خارج کرنے سے متعلق دیگر تفصیلات جمع کریں گے۔جوائنٹ چیف الیکٹورل آفیسر نے کہا کہ الیکٹورل رجسٹریشن افسران کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ فارموں کا نمٹارہ موصول ہونے کے بعد ایک ماہ کے اندر اندر یقینی بنائیں۔تمام الیکٹورل افسروں سے لے کر بوتھ لیول افسروں کو ا س خصوصی مہم سے متعلق لازمی تربیت دی جائے گی۔جوائنٹ چیف الیکٹورل آفیسر نے تسلیم شدہ سیاسی پارٹیوں سے اس مہم کو کامیاب بنانے کیلئے تعاون طلب کرتے ہوئے ان سے اپیل کی وہ تمام پولنگ مراکز پر بوتھ لیو ل افسروں کی معاونت کے لئے بوتھ لیول ایجنٹ تعینات کریں ۔دیگر لوگوں کے علاوہ دپٹی چیف الیکٹورل آفیسر کرشن لال اور الیکشن محکمہ کے کئی دیگر اعلیٰ افسران بھی میٹنگ میں موجود تھے۔