جموں//لکھنؤ میںریاست جموں کشمیر اور اُتر پردیش کے درمیان ایک ٹرانسپورٹ ایگریمنٹ پر ریاست کے گورنر ستیہ پال ملک اور اُتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی ادتیہ ناتھ کی موجودگی میں دستخط کئے گئے ۔ اُتر پردیش کے ٹرانسپورٹ منسٹر سواتنترا دیو سنگھ اور ہماچل پردیش کے وزیر ٹرانسپورٹ گوبند سنگھ ٹھاکر اس موقعہ پر موجود تھے ۔ ریاست جموں کشمیر کے محکمہ ٹرانسپورٹ کے پرنسپل سیکرٹری ڈاکٹر اصغر حسن سامون اور اتر پردیش کے محکمہ ٹرانسپورٹ کے پرنسپل سیکرٹری رادھنا شکلا نے اپنی اپنی حکومتوں کی طرف سے ایگریمنٹ پر دستخط کئے ۔ اس ایگریمنٹ پر دستخط کرنے کا مقصد دونوں ریاستوں کی روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن بسوں کو دونوں ریاستوں میں آنے جانے کی سہولیت فراہم کرنی ہے ۔ دونوں ریاستوں کے درمیان ٹرانسپورٹ سہولیات کو استحکام بخشنے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے گورنر نے کہا کہ دونوں خطوں کے درمیان لوگوں اور ساز و سامان کی آوا جاہی بہت ضروری ہے جس سے مختلف تمدنوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں کو ایک دوسرے کو سمجھنے اور اقتصادی بندھنوں کو مضبوط کرنے میں مدد ملے گی ۔ گورنر نے مزید کہا کہ دونوں ریاستوں کے تعلیمی اداروں میں تعلیم حاصل کر رہے طلاب کو بھی اس سہولیت سے فائدہ ہو گا بلکہ کٹڑہ میں شری ماتا ویشنو دیوی کو جانے والے یاتریوں کو بھی سہولیت ہو گی ۔ ایگریمنٹ کے مطابق دونوں ریاستوں کی 6 بسیں لوگوں کی سہولیت کیلئے چلائی جائیں گی ۔