سرینگر //جموں وکشمیر حکام نے ’ون ککڑ‘ کو جموں وکشمیر کے علامتی پرندہ کا انتخاب کیا گیاہے جبکہ علامتی جانور کے طور پر ہانگل کو برقرار رکھا گیا ہے۔ کالی گردن والا بگلا صرف لداخ میں پایا جاتا ہے، اس وجہ سے جموں و کشمیر انتظامیہ کو نئے پرندے کا انتخاب کرنا پڑا۔ کافی تحقیق کے بعد کلیج یعنی’ ون کوکڑ‘ کا انتخاب کیا گیا ۔ لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کی جانب سے اس ضمن میں باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔پانچ اگست 2019 کو جموں و کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت کی منسوخ کے علاوہ سابق ریاست کو دو مرکزی زیر انتظام خطوں -جموں و کشمیر اور لداخ میں تقسیم کیا گیا۔ جموں و کشمیر تنظیم نو قانون کا اطلاق کرکے یہاں مرکز کے قوانین نافذ کئے گئے۔جموں و کشمیر کی تقسیم کے ساتھ ہی انتظامیہ کو دونوں خطوں میں مشترک جائیداد اور اثاثے بھی تقسیم کرنے پڑے۔ دونوں انتظامیہ نے لداخ اور جموں و کشمیر یو ٹیز کے لیے جانوروں اور پرندوں کا انتخاب کرنے کا بھی فیصلہ کیا۔سابق ریاست جموں و کشمیر کا علامتی جانور ہانگل جبکہ کالی گردن والا بگلا علامتی پرندہ نامزد تھا۔ جموں و کشمیر انتظامیہ نے ہانگل کو علامتی جانور برقرار رکھ کر علامتی پرندہ نامزد کئے جانے کی کارروائی شروع کی تھی اور سابق ریاست کی تقسیم کے 2 برس سے بھی زیادہ عرصے کے بعد کلیج ’ون کوکڑ‘ کو علامتی پرندہ نامزد کر دیا گیا ہے۔ وہیں لداخ یوٹی انتظامیہ نے کالی گردن والا بگلا برقرار رکھتے ہوئے اسنو لیپرڈ (Snow Leopard) کو علامتی جانور مقرر کیا ہے۔محکمہ وائلڈ لائف کے ایک افسر نے بتایا کہ کلیج پرندے زیادہ تر جموں وکشمیر کے پہاڑی اور بالائی علاقوں میں پائے جاتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ان کو زیادہ تر پونچھ راجوری ، ڈوڈہ کشتواڑ ، اوڑی ، گلمرگ ، پہلگام کے علاوہ اونچی جگہوں پر دیکھا جاتا ہے ۔اور یہ کوہ ہمالیہ کے دامن میں پائی جانے والی مرغ زریں (Pheasant) کی ایک نوع ہے۔ اس نوع کے نروں کا رنگ مختلف ذیلی اقسام میں مختلف ہوتا ہے لیکن سب کا رنگ تقریبا ًچمکدار نیلے مائل کالا ہوتا ہے جبکہ مادائیں مکمل بھورے رنگ کی ہوتی ہیں۔ دونوں جنسوں میں چہرہ سرخ اور ٹانگیں سرمئی ہوتی ہیں۔ 1962 میں اسے بحرالکاہل میں واقع امریکی ریاست ہوائی میں بھی متعارف کیا گیا۔محکمہ وائلڈ لائف کے مطابق چو نکہ کالی گردن والا بگلا صرف لداخ میں پایا جاتا ہے اس وجہ سے جموں و کشمیر انتظامیہ کو نئے پرندے کا انتخاب کرنا پڑا۔ کافی تحقیق کے بعد کلیج’ ون کوکڑ ‘کا انتخاب کیا گیا، جبکہ ہانگل کو علامتی جانور کے طور پر برقرار رکھا گیا۔