ماسکو// یوکرین پر روسی حملے کے دسویں دن ہندوستان سمیت عالمی برادری کے دباؤ کے نتیجے میں روس نے یوکرین میں پھنسے ہندوستانی طلبہ اور دیگر شہریوں کو محفوظ راہداری کے لئے عارضی جنگ بندی کا اعلان کیا ہے ۔روس کی وزارت دفاع نے کہا ہے کہ روس نے یوکرین کے شہر ماریوپول اور وولنوواخا سے انسانی بنیادوں پر راہداریاں کھولنے کی اجازت دینے کے لیے جزوی جنگ بندی کا اعلان کیا ہے ۔روس نے یوکرین کے جنگ زدہ علاقے سے لوگوں کو نکالنے میں مدد کے لیے ہفتہ کو روسی وقت کے مطابق صبح 10 بجے جنگ روکنے کے لیے ماریوپول اور وولونواخا سے ایک محفوظ راہداری دینے کا اعلان کیا ہے ۔روسی وزارت دفاع کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ لوگوں کو محفوظ نکالنے کے لیے یوکرین کے ساتھ کوآرڈینیشن میں طے پا گیا ہے ۔ روسی وقت کے مطابق صبح 10 بجے سے روس نے جنگ بندی کا اعلان کیا ہے اور ماریوپول اور وولونواخا سے شہریوں کے انخلاء کے لئے انسانی راہداری کھولا گیا ہے ۔روس اور یوکرین کے درمیان 3 مارچ کو ہونے والے مذاکرات کا دوسرا دور بیلاروس میں منعقد ہوا۔ روسی دستے کے سربراہ ولادیمیر میڈنسکی نے بتایا کہ دونوں فریقوں نے فوجی اور بین الاقوامی انسانی مسائل کے ساتھ ساتھ موجودہ صورتحال کے سیاسی حل پر بھی بات کی۔