راجہ ارشاد احمد
گاندربل //قومی کھیل مقابلوں کے تحت گورنمنٹ فزیکل ایجوکیشن کالج گاڈورہ میں ضلع انتظامیہ گاندربل اور محکمہ یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس گاندربل کے باہمی اشتراک سے یونیورسٹی اور کالج سطح کے کھیل میلہ 2023 دوسرے سیزن کی شروعات کی گئی۔محکمہ یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس نے گورنمنٹ فزیکل ایجوکیشن کالج کو 29 اگست سے 2 ستمبر 2023 تک وسیع اور شاندار کالج کیمپس میں کھیلوں کا انعقاد عمل میں لانے کے لئے منتخب کیا گیا۔دوسرے سیزن کھیل مقابلوں میں صوبہ کشمیر میں واقع یونیورسٹیوں اور کالجوں میں زیر تعلیم 5000 طلباء کی شرکت متوقع ہے جس کے لئے افتتاحی تقریب میں تین اضلاع گاندربل، سرینگر اور بانڈی پورہ کے مختلف سکولوں نے حصہ لیا۔افتتاحی تقریب چیف سیکرٹری ارون کمار مہتا نے انجام دی۔چیف سیکرٹری نے طلباء کو کھیلوں میں ان کی دلچسپیوں، صلاحیتوں اور چیلنجوں کو سمجھنے اور نصاب میں جسمانی تعلیم اور کھیلوں کے ساتھ پائیدار ترقی کے اہداف کو مربوط کرنے کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے ان کو جوش اور جذبہ سے کھیل کی سرگرمیوں میں حصہ لینے کی تلقین کی۔کھیل مقابلوں میں فٹ بال، ٹگ آف وار، مرد اور خواتین کے لئے باسکٹ بال ٹورنامنٹ سمیت دیگر مقابلوں کا انعقاد کیا جائے گا۔