پونچھ//یوم عاشورہ کے موقعہ پر ضلع پونچھ کے مختلف علاقوں میں جلوس حسینی بر آمد کئے گئے۔ اس سلسلے میں تکیہ پہلوان شاہ پونچھ سے بر آمد کیا گیا جو سٹی چوک سے صدر بازار پہنچا اور ہاتھی تھان بازار سے احاطہ عدالت سے ہوتا ہوا امام بارگاہ میں اختتام پذیر ہوا۔ اس جلوس عزا میں ضلع بھر کے ماتمی دستوں نے شمولیت کی ۔جلوس عزا کے دوران علمائے کرام نے سیرت امام عالی مقام پر روشنی ڈالی اور کربلا کے منظر کو بیان کرتے ہوئے کہا کہ کربلا کو سننے یا پڑھنے کی نہیں بلکہ محسوس کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ معرکہ کربلا حق و باطل کے مابین جنگ کی عالمگیر مثال ہے جس سے کوئی انکار نہیں کر سکتا۔اس دوران پولیس کی طرف سے سکیورٹی کے سخت بندوبست کئے گئے تھے جبکہ دیگر محکمہ جات جن میں محکمہ صحت کی طرف طبی سہولیات کا بہترین بندوبست کیا گیا تھا۔ مقررین میں مولانا علی اصغر حیدری، راحت حسین نحوی، صدر انجمن جعفریہ پونچھ مقبول حسین کلی، ریٹائرڈ اے ڈی سی انور حسین شاہ نے خطاب کیا۔جلوس میںرکن قانون سازکونسل پردیپ شرما، سنیل گپتا، ذکی حیدر، محمد رضا رضوی، تاج میر، ایڈووکیٹ محمد زمان، کمل جیت سنگھ کے علاوہ ضلع انتظامیہ میں اے ڈی ڈی سی عبدالحمید، ڈی وائی ایس پی ہیڈ کوارٹر پونچھ شاہد نعیم،ڈی وائی ایس پی ڈی اے آر موہن لال شرما اور ڈی ایس پی اوپریشن سلیم بٹ بھی شامل ہوئے ۔وہیںتحصیل منڈی کے صدر مقام پر بھی تنظیم المومنین، انجمن گلشن حیدری اور انجمن رضائے آل محمد ساتھرہ کے زیر اہتمام امامیہ پارک منڈی میں اعمال عاشورہ مولانا سید اقرار حیدر کی قیادت میں انجام دیئے گئے۔اس کے بعد مجلس عزاء منعقد کی گئی۔ اس موقعہ پر مختلف طبقہ فکر کے لوگوں نے خطاب کرتے ہوئے امام حسین علیہ السلام کو خراج تحسین پیش کیا۔ نماز ظہرین کے بعد جلوس عزاء بر آمد ہوا جو صدر بازار سے گزرتا ہوا امام بارگاہ عالیہ میں اختتام پذیر ہوا۔ جلوس عزاء کے دوران ماتمی دستوں میں شامل نو جوانوں نے اپنے سروں پر سرخ اور سبز پٹیاں باندھ رکھی تھیں جن پر یا حسین تحریر کیاگیاتھا۔اس جلوس عزاء کے دوران بھی علمائے کرام نے فلسفہ شہادت امام عالی مقام ؑپر روشنی ڈالی ۔جلوس عزا کے دوران بھی انتظامیہ کی جانب سے سخت حفاظتی انتظامات کئے گئے تھے۔