راجوری//73ویں یوم جمہوریہ کی تقریبات کیلئے انتظامیہ کی جانب سے خطہ پیر پنچال کے دونوں سرحدی اضلاع میں سیکورٹی کی بہترین تیاریاں کی گئی ہیں ۔حکام نے بتایا کہ انتظامیہ سخت حفاظتی انتظامات اور سخت چوکسی کے تحت راجوری اور پونچھ اضلاع میں یوم جمہوریہ منانے کیلئے تیار ہے۔مرکزی تقریب راجوری اور پونچھ کے ضلع ہیڈکوارٹرز میں منعقد کی جائے گی جہاں ضلع ترقیاتی کونسل کے چیئرمین قومی پرچم لہرائیں گے اور پریڈ کی سلامی لیں گے۔اسی طرح کی تقریبات سب ڈویژنل اورتحصیل، بلاک کی سطح کے علاوہ ہر پنچایت اور سکول میں منعقد کی جائیں گی۔عہدیداروں نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ دونوں اضلاع میں سخت چوکسی کے ساتھ سیکورٹی انتظامات کو مضبوط کیا گیا ہے۔حکام نے بتایا کہ تمام تقریبات کا انعقاد پولیس، فوج اور نیم فوجی دستوں کی جانب سے سخت حفاظتی انتظامات میں کیا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ منگل کو بھی جڑواں اضلاع کے متعدد علاقوں میں خاص طور پر دراندازی کے راستوں پر قیاس آرائی پر مبنی تلاشیاں شروع کی گئیں جن پر بھی کڑی نظر رکھی جا رہی ہے۔
حد متارکہ پر فوج چوکس
سمت بھارگو
راجوری //لائن آف کنٹرول پر فوج کے دستے ایک تازہ سیکورٹی الرٹ کے پیش نظر سب سے زیادہ چوکس ہیں جبکہ اس تازہ چوکسی کو 26جنوری ہائی الرٹ کا نام دیا گیا ہے ۔عہدیداروں نے بتایا کہ گزشتہ برسوں میں یہ دیکھا گیا ہے کہ لائن آف کنٹرول پر خاص طور پر بارڈر ایکشن ٹیم (بی اے ٹی) کے حملوں سے متعلق ناخوشگوار کوششیں کی جاتی ہیں جو یوم جمہوریہ کے موقع پر حملہ کرنے کے لئے عسکریت پسند تنظیموں کے ڈیزائن کا حصہ ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اس طرح کے کسی بھی منصوبے کو ناکام بنانے اور ہائی وے پر حفاظتی آلات کو ممکنہ چوکس رکھنے کیلئے لائن آف کنٹرول کی حفاظت کرنے والے فوجی دستوں نے انسداد دہشت گردی کے منصوبے کے تحت تمام ضروری اقدامات کئے ہیں۔