سرینگر//دلی پولیس نے منگل کو جموں میں دو افراد کو یوم جمہوریہ کے دن لال قلعہ تشدد میں ملوث ہونے کے الزام میں گرفتار کرلیا۔گرفتار شدگان پر الزام ہے کہ انہوں نے یوم جمہوریہ کے دن کسانوں کی ٹریکٹر ریلی کے موقع پر تشدد بھڑکایا۔
گرفتار شدگان کی شناخت جموں کشمیر یونایٹیڈ کسان فرنٹ کے چیئر مین موہندر سنگھ ساکن چھٹھا ،جموں اور مندیپ سنگھ ساکن گول گجرال جموں کے طور کی گئی ہے اور دلی پولیس کے مطابق دونوں لال قلعہ پر تشدد میں ”کلیدی شرکاءاور سازشی “ ہیں۔
دونوں کی گرفتاری دلی پولیس کی کرائم برانچ نے گذشتہ رات عمل میں لائی اور دونوں کو پوچھ تاچھ کیلئے دلی منتقل کیا گیا۔
اطلاعات میں دلی پولیس کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ یہ گرفتاریاں جموں کشمیر پولیس کے تعاون سے عمل میں لائی گئی ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ26جنوری کے روز ہزاروں کسانوں نے ٹریکٹر وں پر دلی کا رخ کیا۔ وہ زرعی قوانین کی منسوخی کا مطالبہ کررہے تھے۔