بیجنگ//چین میں کورونا وائرس کے 21 نئے کیس اور 4 نئی اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔چین کے نیشنل ہیلتھ کمیشن کے مطابق نئے کیسز میں سے متعدد ایسے کیسز ہیں جن کی تصدیق بیرون ملک سے آنے والوں میں ہوئی ہے۔کمیشن کے مطابق ملک میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 81 ہزار 620 ہوگئی ہے جس میں سے ساڑھے 76 ہزار افراد صحت یاب بھی ہو گئے ہیں، جبکہ چین میں کورونا سے 3322 اموات ہوئی ہیں۔ادھرافریقہ میں اس وائرس کی زد میں آنے سے اب تک 284 افراد ہلاک جبکہ تقریبا 7028 لوگ متاثر پائے گئے ہیں۔افریقہ سینٹر فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریونشن (افریقہ سی ڈی سی) نے بتایا کہ کورونا وائرس اب تک تقریبا 50 افریقی ممالک میں پھیل چکا ہے۔سی ڈی سی نے بتایا کہ جنوبی افریقہ میں کورونا وائرس کے 1462 کیسز، الجیریا میں 847 اور مصر میں 779 کیس درج کئے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ براعظم میں اب تک 779 مریض ٹھیک ہو چکے ہیں۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ہلاک ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر 221 سے 284 ہو گئی ہے۔افریقی یونین نے اس وبا کے خطرے کو دیکھتے ہوئے 27 جنوری کو ہی اپنے ہنگامی آپریشنز سنٹر اور حادثاتی نظام کو شروع کر دیا تھا۔