جموں //جموں شہر کے جانی پور علا قہ میں ینگ پنتھرز کارکنوں نے جموں میونسپل کارپوریشن کیخلاف احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ جموں شہر میں سوچھ بھارت ابھیان مہم پوری طرح سے مفلوج ہو کر رہ گئی ہے ۔جانی پور کے وارڈنمبر 38میں کئے گئے احتجاج کے دوران ینگ پنتھرس کے ضلع صدر ترسیم سنگھ نے کہاکہ مذکورہ وارڈ بالخصوص پمپوش کالونی میں گندگی کیے ڈھیر جمع ہو ئے ہیں لیکن جموں میونسپل کارپوریشن کی جانب سے اس طرف کوئی توجہ نہیں دی جارہی ۔انہوں نے کہاکہ مذکورہ کالونی سے بہنے والا نالہ گندگی سے بھر چکا ہے جس کی وجہ سے معمولی بارش کے دوران پانی لوگوں کے گھروں میں داخل ہو جاتا ہے جبکہ گزشتہ پانچ برسوں سے جموں میونسپل کارپوریشن نے مذکورہ علا قہ میں کوئی بھی کام نہیں کیا ہے ۔اراکین نے انتظامیہ پر الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ نکاسی آب کے ناقص انتظامات کی وجہ سے عام لوگوں کو دقتوں کا سامنا کر نا پڑرہاہے ۔پنتھرس کا رکنوں نے کہا کہ مرکزی حکومت کی جانب سے ملک میں صفائی ستھرائی کے سلسلہ میں سوچھ بھارت ابھیان مہم کو شروع کیا تھا لیکن جموں میونسپل کارپوریشن کی کارکردگی کو دیکھتے ہوئے ایسا اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ مذکورہ مہم جموں شہر میں پوری طرح سے ناکام ہو چکی ہے ۔کارکنوں نے ریاستی انتظامیہ سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ جانی پور علا قہ میں صفائی ستھرائی کیلئے جموں میونسپل کارپوریشن کو ہدایات جاری کی جائیں۔اس موقعہ پر راکیش کمار ،بشن ،اتر سنگھ ،عشر داس ،سریندر ،سنیل شرما ،اشوک ورما ،وکرنت کھجوریہ ،آیوش شرما ،سنجیوسنگھ ودیگران موجود تھے ۔