نئی دہلی //مغربی بنگال کی سیاست میں کل ایک بار پھر اس وقت اْبال آیا جب سابق مرکزی وزیر اور بی جے پی سے ناراضگی کے سبب ناطہ توڑ چکے یشونت سنہا نے ترنمول کانگریس کا دامن تھام لیا۔ یشونت سنہا نے کل کولکاتا پہنچ کر نہ صرف ترنمول کانگریس کی رکنیت اختیار کی بلکہ بی جے پی کے خلاف کھل کر آواز اٹھائی۔ ویسے تو یشونت سنہا کئی مواقع پر بی جے پی کو تنقید کا نشانہ بنا چکے ہیں، لیکن بنگال میں ممتا بنرجی کا ہاتھ تھام کر انھوں نے بی جے پی کو زبردست جھٹکا دیا ہے جو کہ ریاست میں پہلی مرتبہ برسراقتدار ہونے کا خواب شرمندہ تعبیر کرنے کے لیے پوری طاقت لگا رہی ہے۔ترنمول کانگریس میں شامل ہونے کے بعد بی جے پی پر حملہ کرتے ہوئے یشونت سنہا نے کہا کہ ’’جمہوریت کی طاقت جمہوری ادارے ہوتے ہیں، لیکن آ ج تقریباً ہر ادارہ کمزور ہو گیا ہے۔ اس میں ملک کی عدلیہ بھی شامل ہے۔