بھونیشور//وزیر اعظم نریندر مودی نے کل مغربی بنگال اور اڑیسہ کے گردابی طوفان سے متاثرہ علاقوں کا فضائی سروے کیا ،وہاں ہونے والے نقصانات کا جائزہ لیا۔ وزیر اعظم مودی نے فوری طور پر 1 ہزار کروڑ روپے کے امدادی پیکیج کا بھی اعلان کیا ہے۔ اس میں سے 500 کروڑ اڑیسہ کے لئے اور 500 کروڑ مغربی بنگال اورجھارکھنڈ کے لئے دیئے گئے ہیں۔ جمعہ کو پی ایم مودی نے بھونیشور میں ایک جائزہ اجلاس بھی منعقد کیا۔ انہوں نے امدادی کاموں سے متعلق تمام کوششوں کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔وزیر اعظم نے اڈیشہ ، مغربی بنگال اور جھارکھنڈ کو یقین دلایا ہے کہ تمام ضروری مدد فراہم کی جائے گی۔ اس تباہی کا اندازہ لگانے کے لئے ایک بین وزارتی ٹیم تشکیل دی جائے گی۔ اس کے علاوہ طوفان میں اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھنے والوں کے لواحقین کے لئے 2 لاکھ اور وزیر اعظم مودی ریلیف فنڈکی جانب سے شدید زخمیوں کے لئے 50 ہزار روپے کی مالی امداد کا اعلان کیا گیا ہے۔
ممتا نے مودی کو رپورٹ سونپی | 20 ہزار کروڑ روپے کے مالی پیکیج کا مطالبہ
کلکتہ// وزیرا علیٰ ممتا بنرجی نے کل وزیرا عظم مودی سے ملاقات کی اور ان سے 20.000 کروڑ روپے کے مجموعی مالی پیکیج کا مطالبہ کیا۔ وزیرا عظم یاس طوفان سے ہونے والے نقصانات کا جائزہ لینے کے لئے اڑیسہ اور بنگال کے دورے پر ہیں۔وزیرا علیٰ ممتابنرجی نے وزیرا عظم مودی سے مشرقی مدنی پور کے کائیکنڈہ میں وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کی اور ریاست کو ہونے والے نقصان سے متعلق ایک رپورٹ سونپی ۔ دیگھا میں بی ڈی اوز سے ملاقات کے دوران انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کو ابتدائی طور پر بتایا گیا ہے کہ طوفان یاس کی وجہ سے ریاست کو 20ہزارکروڑ روپے کا نقصان ہوا ہے ۔ اس کے علاوہ ، ریاستی حکومت نے وزیر اعظم سے دیگھا کے لئے 10,000کروڑ اور سندربن کے لئے مزید 10,000 کروڑ کا مالیاتی پیکیج کا مطالبہ کیا گیا ہے ۔ ممتا بنرجی نے کہا کہ چیف سکریٹری اور میںیاس طوفان میں ہونے والے نقصانات کا جائزہ لے رہے ہیں۔
بہار کے کئی اضلاع میں فصل تباہ
پٹنہ //بہار میں گردابی طوفان ’یاس‘ کے سبب بنے کم دباو کی وجہ سے ہوئی بے موسم بارش نے کسانوں کے منصوبوں پر پانی پھیر دیا ہے۔ کسان پہلے ہی کورونا وبا کی وجہ سے کئی طرح کے مسائل کا سامنا کر رہے تھے، اور اب ’یاس‘ نے انھیں مزید نقصان پہنچایا ہے۔ بے موسم کی بارش کے سبب لیچی اور آم کو تو نقصان پہنچا ہی ہے، اس کے علاوہ مکئی اور مونگ کے کسانوں کو بھی زبردست نقصان اٹھانا پڑا۔ بارش سے سبزی کے کھیتوں میں پانی بھر گیا ہے جس سے فصل خراب ہونے کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔قومی زرعی ریسرچ سنٹر، جھارکھنڈ کے ڈائریکٹر ڈاکٹر وشال ناتھ کا کہنا ہے کہ ’’لتّر والی فصلوں کو کافی نقصان ہوا ہے۔ مکئی کی جو فصلیں کٹ گئی ہیں، انھیں نقصان ہوگا جب کہ خریف کی فصل کے لیے یہ بارش مفید ہوگا۔‘
طوفان کے دوران 750 بچوں کی پیدائش | ا ڑیسہ میںمتعدد کا نام والدین نے ’یاس‘ ہی رکھ دیا
بھونیشور// خلیجِ بنگال سے اٹھنے والے طوفان ’یاس‘ کے سبب مغربی بنگال اور اوڈیشہ میں کافی تباہی ہوئی ہے اور تقریباً ایک کروڑ افراد اس سے متاثر ہوئے ہیں لیکن متعدد خاندانوں میں اسی دوران بچوں کی پیدائش بھی ہوئی ہے۔ اڑیسہ میں 700 سے زیادہ بچوں کی پیدائش ہوئی۔ ان میں سے متعدد کے نام والدین یاس ہی رکھ رہے ہیں۔ ساحلوں سے ٹکرانے کے وقت دس اضلاع میں 750 بچوں کی پیدائش درج کی گئی ہے۔ ان میں سے کئی خاندانوں نے اپنے بچوں کا نام ’یاس‘ درج کرایا ہے۔ منگل کی شب جب طوفان اوڈیشہ کے سمندر میں زور دکھا رہا تھا اسی وقت کئی بچوں نے جنم لیا۔ بالاسور میں ضلع دفاتر سے تقریباً 50 کلومیٹر دور سونالی میتی نے اسی دوران ایک لڑکے کو جنم دیا اور بلا تاخیر انہوں نے بچے کا نام یاس رکھ دیا۔ریاستی حکومت کے مطابق یاس طوفان کے درمیان تقریباً ساڑھے چار ہزار حاملہ خواتین کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا تھا۔ جن خواتین کی فوری ڈلیوری ہونے والی تھی انہیں آنگنواڑی سینٹر لے جایا گیا تھا۔