یاسین ملک گرفتار، احتجاجی مارچ ناکام

سرینگر/لبریشن فرنٹ کے چیئر مین محمد یاسین ملک کو سوموار کے روز سرینگر میں گرفتار کرکے اُن کا ''بادامی باغ چلو'' مارچ ناکام بنادیا گیا۔

عینی شاہدین کے مطابق ملک، جو کہ سنیچر شام سے روپوش ہوگئے تھے، گائو کدل علاقے میں اپنے کچھ ساتھیوں کے ہمراہ نمودار ہوگئے اور مارچ کرنے لگے۔

جونہی وہ بڈشاہ چوک کے قریب پہنچے تو پولیس نے اُنہیں گرفتار کرلیا۔

اس موقع پر مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے آنسو گس کے گولے بھی پھینکے گئے۔

سید علی گیلانی، میر واعظ عمر فاروق اور ملک پر مشتمل علیحدگی پسندوں کے وفاق، مشترکہ مزاحمتی قیادت نے آج'' بادامی باغ چلو'' کی کال دے رکھی ہے جہاں فوج کی پندرہویں کور کا ہیڈ کوارٹر ہے۔

یہ کال جنوبی کشمیر کے پلوامہ ضلع میں فورسز کے ہاتھوں ہوئی حالیہ ہلاکتوں کیخلاف احتجاج کے طور دیدی گئی ہے۔

یاد رہے کہ سنیچر وار کو پلوامہ ضلع کے کھارہ پورہ، سرنو نامی علاقے میں فورسز کارروائی میں سات شہری جاں بحق ہوگئے۔ یہ ہلاکتیں فورسز اور جنگجوئوں کے مابین ہوئی معرکہ آرائی کے بیچ ہوئی جھڑپوں کے دوران پیش آئیں۔مذکورہ معرکہ آرائی میں تین جنگجو جاں بحق ہوگئے۔