سرینگر// لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک کل ایس ایم ایچ ایس ہسپتال گئے جہاں انہوں نے28مئی کومٹن میں زخمی ہونے والے معصوم جوان سمیر احمد کی عیادت کی۔ سمیر احمد پولیس کی جانب سے کی گئی اندھا دھند شلنگ کے دوران سر پر شیل لگنے سے زخمی ہوئے ہیں اور ابھی تک ونٹی لیٹر پرہیں۔ ملک نے زخمی جوان کے لواحقین سے ملاقی ہوئے اور ان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔ اس موقع پر انہوںنے زخمی جوان کے علاج معالجے پر مامور ڈاکٹر صاحبان سے اُن کے علاج معالجے کی تفصیلات لیں ۔ملک نے بھارتی ظلم و جبر کے شکار اس زخمی جوان کی فوری صحت یابی کیلئے اللہ تعالیٰ سے دعا کی اور یقین ظاہر کیا کہ وہ جلد صحت یاب ہوجائیں گے۔ ان کے ہمراہ جے کے ایل ایف کے زونل صدر نور محمد کلوال اور زونل پریس انچارج اشرف بن سلام بھی تھے۔ملک نے کیموہ کولگام میں ایک شہید کے گھر والوں پر پولیس حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے صریح پولیس دہشت گردی سے تعبیر کیا۔فرنٹ نے معصوم شہید یاسررسول زہگیر کو انکی شہادت کی برسی پر یاد کرتے ہوئے شاندار الفاظ میں خراج عقیدت اَداکرتے ہوئے کہا کہ شہید یاسر اور ان کے والد گرامی مرحوم غلام رسول زہگیرکی تحریکی خدمات مسلمہ ہیں اور ان قربانیوں سے کوئی بھی کشمیری صرف نظر نہیں کرسکتا۔ یاسین ملک نے پونچھ علاقے میں لبریشن فرنٹ کے قائد مرحوم سید سرور حسین کو بھی ان کی برسی پر یاد کرتے ہوئے شاندار الفاظ میں خراج عقیدت ادا کیا ہے۔