دبئی/دبئی میں کھیلے جانے والے دوسرے کرکٹ ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن پاکستان کے خلاف فالو آن کا شکار ہونے کے بعد کھیل کے اختتام پر نیوزی لینڈ نے دو وکٹوں کے نقصان پر 131 رنز بنا لیے۔جب کھیل ختم ہوا تو کریز پر ٹام لیتھم اور راس ٹیلر موجود تھے اور نیوزی لینڈ کو اننگز کی شکست سے بچنے کے لیے مزید 197 رنز درکار تھے۔دوسری اننگز میں نیوزی لینڈ کے آؤٹ ہونے والے پہلے بلے باز جیت راول تھے جو یاسر شاہ کی گیند پر سٹمپ ہوئے۔دوسری وکٹ کے لیے کین ولیمسن اور لیتھم نے 56 رنز کی شراکت قائم کی۔ اس پارٹنر شپ کا خاتمہ بھی یاسر شاہ نے ہی کیا جنھوں نے ولیمسن کو سرفراز احمد کے ہاتھوں کیچ کروایا۔ انھوں نے 30 رنز بنائے۔اس سے قبل پاکستان کے پہلی اننگز کے 418 رنز کے جواب میں نیوزی لینڈ کی ٹیم پہلی اننگز میں صرف 90 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہو گئی تھی اور یوں پاکستان کو پہلی اننگز میں 328 رنز کی برتری حاصل ہوئی۔نیوزی لینڈ کے بلے باز پاکستانی لیگ سپنر یاسر شاہ کو کھیلنے میں ناکام رہے جنھوں نے 41 رنز کے عوض آٹھ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ یہ ان کے ٹیسٹ کریئر کی بہترین بولنگ ہے۔پیر کی صبح نیوزی لینڈ نے بغیر کسی نقصان کے 24 رنز سے اننگز شروع کی تو جیت راول اور ٹام لیتھم نے سکور 50 رنز تک پہنچا دیا۔ تاہم اس موقع پر یاسر شاہ نے جیت کو بولڈ کر کے پاکستان کو پہلی کامیابی دلوا دی۔نیوزی لینڈ کے آؤٹ ہونے والے دوسرے کھلاری ٹام لیتھم تھے جو 22 رنز بنانے کے بعد یاسر شاہ کی ہی گیند پر امام الحق کے ہاتھوں کیچ ہوئے۔ اس وقت نیوزی لینڈ کا سکور 61 تھا۔اسی سکور پر یاسر نے راس ٹیلر اور ہنری نکولس کو بھی بولڈ کیا۔ وہ کوئی رن نہ بنا سکے۔کھانے کے وقفے کے فوراً بعد بی جے واٹلنگ رن آؤٹ ہوئے تو نیوزی لینڈ کی ٹیم کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو گیا۔ وہ نیوزی لینڈ کے آؤٹ ہونے والے پانچویں کھلاڑی تھے۔حسن علی نے 69 کے مجموعی سکور پر کولن ڈی گرینڈہوم کو ایل بی ڈبلیو کر کے پاکستان کو چھٹی کامیابی دلوائی۔سکور میں تین رنز کے اضافے کے بعد یاسر شاہ نے اش سوڈھی کو سرفراز کے ہاتھوں کیچ کروا کے انفرادی طور پر پانچویں اور ٹیم کے لیے ساتویں وکٹ لی۔اسی اوور میں یاسر نے نیل ویگنر کو ایل بی ڈبلیو کر کے پاکستان کو آٹھویں کامیابی دلوائی۔یاسر شاہ نے ہی اعجاز پٹیل کو بھی ایل بی ڈبلیو کیا۔ یہ اس اننگز میں ان کی ساتویں وکٹ تھی۔ اگلی ہی گیند پر ٹرینٹ بولٹ کو سٹمپ کروا کر یاسر نے نیوزی لینڈ کی اننگز کا خاتمہ کر دیا۔خیال رہے کہ اس میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا اور اتوار کو کھیل کے دوسرے دن کے آخری سیشن میں اپنی پہلی اننگز پانچ وکٹوں کے نقصان پر 418 رنز بنا کر ڈیکلیئر کر دی تھی۔