یاتریوں کے سفر کوآسان اور سہل بنانے کیلئے وقت پراقدام کئے جائیںـ | ایل جی کے پرنسپل سیکریٹری کا صوبائی کمشنر کے ہمراہ میربازاراور قاضی گنڈ کادورہ

اننت ناگ//لیفٹیننٹ گورنر کے پرنسپل سیکرٹری نتیشور کمار نے آج یاترا ٹرانزٹ کیمپوں ایف سی آئی گودام میر بازار اور والنٹ فیکٹری قاضی گنڈ کا معائینہ کیا۔اُن کے ہمراہ صوبائی کمشنر کشمیر پی کے پولے اور ایڈیشنل سی ای او اَمرناتھ شرائین بورڈ بھی تھے۔پرنسپل سیکرٹری نے وہاں شری اَمرناتھ جی یاترا۔ 2021ء کے لئے کئے جارہے اِنتظامات کے بارے میں جانکاری حاصل کی۔ڈپٹی کمشنر اننت ناگ ڈاکٹر پیوش سنگلا نے پرنسپل سیکرٹری کو راہداری کیمپوں میں دستیاب سہولیات کے بارے میں آگاہ کیا اور یاتریوں کے قیام کو بہتر طریقے سے سہولیات فراہم کرنے سے متعلق بھی جانکاری دی ۔نتیشور کمار نے کئے گئے اِنتظامات کا جائزہ لینے کے دوران متعلقہ اَفسران کو ہدایت دی کہ یاتریوں کے قیام اور سفر کو اَحسن اور آسان بنانے کے لئے وقت پر سہولیات یقینی بنائیں۔اُنہوںنے مطلوبہ تعداد میں معیاری بیت الخلاء نصب کرنے اور نکاسی آب نظام بہتر بنانے کی بھی ہدایت دی ۔اُنہوں نے معیاری مواد کے استعمال پر خصوصی زور دیا تاکہ اثاثے پائیدار یقینی بنیں گے۔بعد میں نتیشور کمار نے صنعتی کمپلیکس ویسو کا دورہ کیا اور اس کے کام کا مختصراً جائزہ لیا۔اِس موقعہ پر اے ڈی سی (ایس) ، ایس پی کولگام ، ایس ایس ہائیڈرولِک ، پی ڈی ڈی ، ایس ڈی ایم ڈورو ، ایگزن آر اینڈ بی ، سی ایم اوز اننت ناگ / کولگام اور دیگر متعلقہ سول اور پولیس اَفسران بھی موجود تھے۔