پونچھ// بیرون ریاست کے یاتریوں پر ہوئے جان لیوا حملہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے نائب مہتمم جامعہ ضیاءالعلوم پونچھ وصدر تنظیم علماءاہل سنت والجماعت پونچھ مولانا سعید احمدحبیب نے اس افسوس ناک سانحہ کوکھلی دہشت گردی اور بربریت قرار دیا اور کہا کہ ایسی درندگی کو کسی بھی صورت میں قبول نہیں کیا جاسکتا۔ یہاں جاری اپنے بیان میں مولانا نے کہا کہ ریاست جموں وکشمیر کے لوگ نہ صرف قومی سطح پر بلکہ بین الاقوامی سطح پر اپنی مثالی مہمان نوازی اور ملنساری کے لئے جانے جاتے ہیں اس واقعہ نے عالمی سطح پر کشمیری وقار اور باہمی ہم آہنگی کو شدید نقصان پہنچایا ہے ،ایسے شرپسندوں کو کیفر کردار تک پہنچانا بے حد ضروری ہے، یہ حادثہ ہی نہیں بلکہ انسانیت کے خلاف جرم ہے۔انہوںنے کہاکہ ریاست کے تمام لوگ اس موقعہ پر اپنے مہمان یاتریوں کے دکھ اور غم میں برابر کے شریک ہیں اور متاثرین کے ساتھ گہری ہمدردی اور محبت کا اظہار کرتے ہیں۔ مولانا نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ غیر جانبدارانہ تحقیقات کے ذریعہ اصل مجرمین کی شناخت کرے تاکہ دوبارہ اس قسم کے واقعات رونما نہ ہوں۔ مولانا نے مرکزی وزیر ڈاکٹر جتندرسنگھ کے اس بیان کی بھی مذمت کی کہ سلیم شیخ پہلے ہندوستانی ہے پھر مسلمان ہے ۔مولانا نے کہا کہ یہ بحث اپنی جگہ کہ مذہب پہلے ہے یا ملک مگر اس موقعہ پر اس قسم کا بیان سراسر سیاسی نفاق اور بدترین مفادپرستی ہے۔ مولانا نے سوال کیا کہ اگر سلیم شیخ ہندوستانی ہے تو باقی لوگوں کے بارے میں ڈاکٹر صاحب کا کیا کہنا ہے ۔مولانا نے کہا کہ اس قسم کی سیاسی ذہنیت نے ہمارے سماج کو تقسیم کیا ہے اور گنگا جمنی تہذیب کا نقصان پہنچایا ہے، ایسے سانحات پر بھی سیاسی لوگ سیاسی مفادات کے حصول سے نہیں چوکتے جو بے حد افسوس ناک بات ہے ۔مولانا نے سیاستدانوں سے اپیل کی کہ وہ اقتدار میں ہوتے ہوئے اپنی سیاسی بقاءکی کم اور ملک کی سالمیت اور بھائی چارگی کی زیادہ فکر کیا کریں۔ مولانا نے کہاکہ سلیم شیخ نے وہ کیا جو اسکا فرض تھا ،اس واقعہ کو جس طرح سے پیش کیا جارہا ہے وہ بے حدقابل مذمت ہے ،ہر مسلمان محب وطن ہے اور اس کو کسی سے سند کی ضرورت نہیںہے اس لئے سیاستدانوں کو چاہئے کہ سیاسی کھیل سے پر ہیز کریں ۔مولانانے مارے جانے والے یاتریوں کے اہل خانہ سے دلی صدمہ کا اظہار کیا اور دعا کی دوبارہ اس قسم کے حادثات نہ رونما ہوں۔تنظیم کے نائب صدر مولانا فتح محمد مہتمم دارالعلوم محمودیہ مہنڈر اور جنرل سکریٹری مولانا محمدعبد اللہ قاسمی مہتمم جامعہ محمودیہ قاسم العلوم محمودنگر سہڑی خواجہ نے بھی اپنے مشترکہ بیان میں اس دردناک واقعہ پر دکھ اور رنج کا اظہار کیا اور لواحقین کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا۔