سرینگر//شری امرناتھ جی شرائین بورڈ کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر اُمنگ نرولہ نے گورنر این این ووہر ا جو شرائین بورڈ کے چیئرمین بھی ہیں ، کو راج بھون میں ایک میٹنگ کے دوران جانکاری دی کہ یاترا 2017ء ہیلی کاپٹر سروسز کی دستیابی کے حوالے سے تمام خدو خال کو حتمی شکل دی گئی ہے۔میٹنگ میں شہری ہوابازی کے جوائنٹ ڈائریکٹر جنرل للت گپتا ، گروپ کیپٹن ایس رائے چودھری ، چیف اوپریشنز آفیسر اینڈ وِنگ کمانڈر کے علاوہ بورڈ کے ایڈیشنل چیف ایگزیکٹیو آفیسر جتندر کمارسنگھ اور کئی دیگر افسران نے بھی شرکت کی۔چیف ایگزیکٹیو آفیسر نے جانکاری دی کہ بورڈ نے نیل گراٹھ ۔پنجترنی سیکٹر پر ہیلی کاپٹر خدمات دستیاب کرانے کے لئے گلوبل ویکٹرا ہیلی کارپ لمٹیڈ اور یوٹی ائیر پرائیویٹ لمٹیڈ کے ساتھ انتظامات کو حتمی شکل دی ہے ۔اسی طرح پہلگام ۔ پنجترنی سیکٹر پر یہ انتظامات ہیمالین ہیلی سروسز پرائیویٹ لمٹیڈ کے ساتھ طے پائے گئے۔ یہ خدمات 29جون 2017ء سے دستیاب رہیں گی۔نیل گراٹھ ۔پنجترنی سیکٹر کے لئے یاترا 2017کے دوران فی سواری یکطرفہ کرایہ 1715روپے جبکہ پہلگام ۔پنجترنی سیکٹر کے لئے یہ کرایہ 2950روپے مقرر کی گئی ہے۔یاترا کے لئے ہیلی کاپٹر ٹکٹیں بُک کرانے کا عمل پہلے ہی 25؍اپریل 2017ء کو شروع ہوچکا ہے اور اب تک اس سال کی یاترا کیلئے 27320 ٹکٹیں بُک کی گئی ہیں۔سی ای او نے کہا کہ ہیلی کاپٹر خدمات چالو کرنے کے لئے متعلقہ افسروں سے کلیرنس بھی حاصل بھی کی جاچکی ہے۔بورڈ کے سی ای او نے یاتریوں سے کہا کہ وہ ہیلی کاپٹر ٹکٹیں مجاز ہیلی آپریٹروںیا ان کے مجاز ایجنٹوں سے ہی خریدیں تاکہ وہ مفاد خصوصی رکھنے والے عناصر کے جھانسے میں نہ پھنسے۔ہیلی آپریٹروں کے مجاز ایجنٹوں کی تفصیل شرائین بورڈ کی ویب سائٹ www.shriamarnathjishrine.com پر دستیاب ہے۔انہوںنے مزید کہا کہ انڈین ائیر فورس اور ہیلی آپریٹروں کے باہمی اشتراک سے شرائین بورڈ نے ضرورت پڑنے پر بیمار یا زخمی یاتریوں کو فوری طور سے نکالنے کے لئے تمام انتظامات مکمل کئے ہیں۔چیئرمین این این ووہرا نے سی ای او اُمنگ نرولہ کو صلاح دی کہ وہ مجاز ایجنٹوں کے کام کاج پر نظر گزر رکھیں اور اُن کے کام کاج کے خلاف کوئی بھی جائز شکایت ملنے کے بعد فوری انہیں غیر مجاز قرار دیں۔