سرینگر// ٹھیکداروں کی طرف سے سڑکوں کی تجدیدو مرمت کو ہڑتال سے مستثنیٰ رکھنے کے اعلان کے بعد سنیچر کو شہر کی کئی سڑکوں پر مرمت کا کام شروع کیا گیا۔ ٹھیکداروں کے مشترکہ پلیٹ فارم نے29 روز تک ٹینڈروں و تعمیراتی کاموں کے بائیکاٹ کے بعد جمعہ کو تجارتی پلیٹ فارموں،کشمیر اکنامک الائنس،سوشو اکنامک کارڈی نیشن کمیٹی اور کشمیرٹریڈرس اینڈ مینو فیکچرس فیڈریشن دھڑوں کے علاوہ دیگر سماجی انجمنوں کی اپیل پر سڑکوں کی مرمت کو ہڑتال سے مستثنیٰ رکھا۔ لل دید اسپتال،جواہرنگر، لال منڈی،خانیار اور دیگر علاقوں میں سنیچر کی صبح کو سڑکوں کی مرمت کا کام شروع کیا گیا۔ھیکداروں کا کہنا ہے کہ سڑکوں کی مرمت کو اسی لئے ہڑتال سے مستثنیٰ رکھا گیا تاکہ بیماروں کو اسپتالوں تک پہنچنے میں جن مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے،اس سے انہیں نجات ملے۔