نئی دہلی//کانگریس نے حکومت پر کوویڈ 19 سے نمٹنے میں ناکام رہنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا ہے کہ اس کی بد انتظامی کی وجہ سے ملک اس وبا کی شدید زد میں ہے اور اسی دوران چین سرحد پر اس سے بڑا بحران کھڑا ہوگیا ہے جس سے احتیاط سے نہیں نمٹا گیا تو حالات بہت نازک جائیں گے ۔کانگریس صدر سونیا گاندھی نے کوویڈ 19 ,چین سرحد پر دراندازی اور دیگر مسئلوں پر منعقد پارٹی کی سپریم، کانگریس ورکنگ کمیٹی سے خطاب کرتے ہوئے منگل کو کہا کہ کوویڈ 19 سے نمٹنے میں ناکام رہی حکومت نے لوگوں کو ان کے حال پر ہی چھوڑ دیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ اسی دوران نیا بحران چین سرحد پر پیدا ہوا ہے ۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ حکومت سفارتی سطح پر غوروخوض کرکے اس بحران کے حل کے لئے مضبوط اور سلجھی ہوئی پہل کرے گی اور ملک کی سرحدوں کی حفاظت کے لئے سمجھداری سے قدم اٹھائے گی۔سابق وزیراعظم من موہن سنگھ نے کہا کہ یہ حکومت کوویڈ 19 سے ہمت اور موثر طریقے سے نمٹنے میں ناکام رہی ہے اور اب ملک کے سامنے اس سے بڑا بحران چین سرحد پر پیدا ہوگیا ہے ۔یہ بہت نازک معاملہ ہے اور اس سے نمٹنے کے لئے حکومت کو سنجیدہ اور موثر کوشش کرنی ہوگی۔محترمہ گاندھی نے کہا کہ ملک میں غریب اور مزدوروں کے سامنے لاک ڈاؤن کی وجہ سے پیدا ہوا کھانے پینے کا بحران ختم نہیں ہوا اور لوگ پریشان ہیں۔حکومت کو ان لوگوں کو کھانا مہیا کرانا چاہئے اور اس کے لئے مفت راشن دینے کی مدت اگلے تین ماہ تک کے لئے بڑھائی جانی چاہئے ۔
سکم کے سرحدی علاقوں میں فورس تعینات
گنگٹوک// لداخ میں ہندوستان۔ چین کے مابین پرتشدد جھڑپ کو دیکھتے ہوئے سکم پولس فورس کو سرحدی علاقوں میں تعینات کیا گیا ہے۔ لداخ میں چین کی حرکتوں کے بیچ سکم میں پولس فورس کی حفاظت میں عام شہری غیرمحفوظ محسوس کررہے ہیں۔ ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس پروین گرونگ نے منگل کے روز کہا کہ ریاستی حکومت کے احکامات کے مطابق ہم نے شمالی سکم میں لاچین، لاچونگ اور تھانگو میں پولس فورس کو تعینات کیا ہے جبکہ مشرقی سکم میں شیرتھانگ اور کوپوپو میں مسلح پولس فورس تعینات کی گئی ہے جہاں چھوٹی چھوٹی بستیاں ہیں۔ ہماری مسلح پولس بھیجی گئی ہے۔ ایسی حالت میں یہ ہماری معمول کی پریکٹس ہے اس سے جنگ کا کوئی مطلب نہیں ہے۔
نئی دلی میں چینی سفارتخانے کے باہر قابل اعتراض پوسٹر چسپاں
نئی دہلی//لداخ کی گلوان وادی میں ہندوستان اور چین کے فوجیوں کے درمیان تصادم کے بعد ملک میں چین کے خلاف لوگوں کے اشتعال میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے ۔ چین کے خلاف ملک بھر میں گزشتہ کئی دنوں سے دھرنے مظاہرے ہورہے ہیں اور چینی سامان کو جلایا جارہا ہے اور اسی سب کے درمیان منگل کو نئی دہلی میں واقع چینی سفارتخانے کے باہر بورڈ پر ہندو سینا نے قابل اعتراض پوسٹر چسپاں کیا ہے ۔نئی دہلی کا پنچ شیل علاقے جہاں مختلف سفارتخانوں کے دفتر ہیں۔ یہاں واقع چین کے سفارتخانے کے دفتر کے باہر بورڈ پر ہندو سینا کے کارکنان نے کل قابل اعتراض پوسٹر چپکا دیا۔