نئی دہلی//ہندوستان اور پاکستان کے ذریعہ گزشتہ ہفتہ جنگ بندی کے ضوابط پر رضامندی کے اعلان کے بعد دونوں پڑوسی ملک نئی دہلی اور اسلام آباد میں اپنے متعلقہ ہائی کمشنروں کو بحال کرنے پر سنجیدگی سے غور کررہے ہیں۔ ایک میڈیا رپورٹ میں بتایاگیاہے کہ فروری 2019 میں پلوامہ دہشت گردانہ حملے کے بعد ہندوستان اور پاکستان نے اپنے ہائی کمشنروں کو واپس بلا لیا تھا، جب سے نئی دہلی اوراسلام آبادمیں دونوں ممالک کے ہائی کمشنر نہیں ہیں۔بلکہ سفارتخانوں کاکام ڈپٹی ہائی کمشنرسنبھالے ہوئے ہیں ۔اب ایسے آثارنمایاں ہیں کہ بھارت اورپاکستان اپنے اپنے ہائی کمشنروںکوبالترتیب اسلام آباد اورنئی دہلی میں تعینات کرکے سفارتی روابط کوپھر سے فعال ومستحکم بنانے کی راہ پرگامزن ہیں ۔میڈیارپورٹس کے مطابق اس سال کے آخر میں سارک کانفرنس کا سربراہی اجلاس پاکستان میں منعقد ہونے جارہا ہے جس میں شرکت کیلئے وزیر اعظم مودی کو دعوت دی جائیگی۔