جینوا //اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل اینٹونیو گوٹیریس بھارت اور پاکستان کے مابین جاری تنائو پر قریبی نظر رکھے ہوئے ہیں اوردونوں پڑوسی ملکوں پر زور دیتے ہیں کہ وہ مذاکرات کے ذریعے تمام معاملات کا پر امن حل تلاش کریں۔ اقوام متحدہ سیکریٹری جنرل کے ترجمان سٹیفین ڈیوجیرک نے ہفتہ وار بریفنگ کے دوران صحافیو ں کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ سیکریٹری جنرل اینٹونیو گوٹیریس بھارت اور پاکستان کے درمیان سرحدی تنائو سے پوری طرح واقف ہیں اور اس کی طرف توجہ دینے سے گریزاں نہیں ہیں ۔ان کا کہنا تھا کہ عالمی ادارے کے سربراہ دنیا کے کسی بھی حصے میں پیش آرہے حالات وواقعات سے آگاہ رہتے ہیں ۔اس ضمن میں ان کا کہنا تھا’’میرے خیال میں اس میں ہچکچاہٹ کی کوئی بات نہیں ہے ، جیسا کہ میں نے کہا کہ وہ یقینا صورتحال پر قریبی نظر رکھے ہوئے ہیں اور اس بات پر زور دیتے ہیں کہ دونوں ملکوں کو تمام آپسی معاملات پر امن بات چیت کے ذریعے حل کرنے چاہئے‘‘۔ ترجمان نے کہا کہ سیکریٹری جنرل تاریخ کے طالب علم ہیں اور جانتے ہیں کہ کہاں کیا ہوا ہے؟ ترجمان نے اقوام متحدہ کا یہ موقف دہرایا کہ بھارت اور پاکستان کو تمام مسائل کا حل تلاش کرنے کیلئے پر امن بات چیت کا سلسلہ شروع کرنا چاہئے۔