نئی دہلی // مرکزی کابینہ نے تین ممالک ایسٹونیا ، پیراگوئے اور ڈومینیکن ریپبلک میں ہندوستانی مشن کھولنے کو منظوری دے دی ہے۔ یہ فیصلہ بدھ کے روز وزیر اعظم نریندر مودی کی زیرصدارت کابینہ کے اجلاس میں کیا گیا۔وزیر اطلاعات و نشریات پرکاش جاوڈیکر نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ ان تینوں ممالک میں ہندوستانی مشن کھولنے سے ہندوستان کے سفارتی دائرہ کار میں اضافہ ، سیاسی تعلقات کو گہرا کرنے ، دو طرفہ تجارت ، سرمایہ کاری اور معاشی مشغولیت کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔انہوں نے کہا کہ اس سے کثیرالجہتی فورموں میں سیاسی رسائی کو فروغ دینے اور ہندوستان کی خارجہ پالیسی کے مقاصد کے لئے حمایت کو متحرک کرنے میں بھی مدد ملے گی۔ نیز ، ان ممالک میں ہندوستانی مشن وہاں ہندوستانی برادری اور ان کے مفادات کے تحفظ میں بہتر مدد کرسکیں گے۔ جاوڈیکر نے کہا ، ’’ہماری خارجہ پالیسی کا مقصد دوست ممالک کے ساتھ شراکت داری کے ذریعہ ہندوستان کی ترقی کے لئے سازگار ماحول پیدا کرنا ہے۔‘‘ اس وقت پوری دنیا میں ہندوستانی مشن اور پوسٹ موجود ہیں جو شراکت دار ممالک کے ساتھ ہمارے تعلقات کو فروغ دینے کے لئے ذمہ داری کے ساتھ کام کرتے ہیں۔‘‘انہوں نے کہا،’’ ہندوستان کی سفارتی موجودگی میں اضافہ باہمی طورپر ہندوستانی کمپنیوں کو بازار تک پہنچ مہیا کرائے گی اور اشیا اور خدمات ٹیکس کے ہندوستانی برآمدات کو فروغ دیگی۔اس کا ’خودکفیل ہندوستان‘ کے ہمارے مقصد کے مطابق گھریلو پیداوار اور روزگار کو بڑھانے میں براہ راست اثر ہوگا۔‘‘