عظمیٰ نیوز سروس
نئی دہلی//وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن نے کہا ہے کہ ملک کو عالمی ویلیو چین میں اپنا حصہ بڑھانے اور خود انحصار بننے کیلئے اپنے مینو فیکچرنگ سیکٹر کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ سی آئی آئی سالانہ بزنس سمٹ میں ہندوستانی صنعت کے لیڈروں سے خطاب کرتے ہوئے وزیر نے مصنوعات کی تشکیل اور پالیسی سپورٹ میں زیادہ نفاست حاصل کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ سیتارمن نے کہا ’’میں کچھ ماہرین اقتصادیات کی طرف سے دئے گئے مشورے کے برعکس کچھ واضح کرنا چاہتی ہوں کہ ہندوستان کو اب مینوفیکچرنگ پر توجہ نہیں دینی چاہیے یا مینوفیکچرنگ کو تیز نہیں کرنا چاہیے۔ میں اس حقیقت پر زور دینا چاہتی ہوں کہ مینو فیکچرنگ میں اضافہ ہونا چاہئے۔ ہندوستان کو بھی پالیسیوں کی مدد سے عالمی ویلیو چین میں اپنا (مینوفیکچرنگ) حصہ بڑھانا چاہئے۔ ریزرو بینک آف انڈیا (آر بی آئی) کے سابق گورنر رگھورام راجن سمیت کچھ ماہرین اقتصادیات نے رائے ظاہر کی ہے کہ ہندوستان کو مینوفیکچرنگ کے بجائے خدمات کے شعبے پر توجہ دینی چاہئے کیونکہ اس نے یہ موقع گنوا دیا ہے۔ وہ کہتے ہیں کہ چین کے مینو فیکچرنگ کی قیادت میں ترقی کے ماڈل کو مزید نقل نہیں کیا جا سکتا تاہم سیتا رمن نے کہا کہ مینوفیکچرنگ کی توسیع سے ہندوستان کو خود کفیل بننے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ہندوستان کے پاس اب بھی اپنی مینوفیکچرنگ صلاحیت کو بڑھانے کا موقع ہے کیونکہ دنیا کووڈ19 کی وبا کے بعد `چائنا پلس ون حکمت عملی پر توجہ مرکوز کر رہی ہے۔