ہندوستان خواتین ہاکی ٹیم ورلڈ کپ کی مہم کا آغاز انگلینڈ کیخلاف میچ سے کریگی

بھونیشور//ہندوستان کی خواتین ہاکی ٹیم اپنے ایف آئی ایچ خواتین ہاکی ورلڈ کپ 2022 کی مہم انگلینڈ کے خلاف شروع کرے گی۔ بین الاقوامی ہاکی فیڈریشن (ایف آئی ایچ) نے منگل کے روز اسپین اور نیدرلینڈز میں یکم جولائی سے شروع ہونے والے 2022 ایف آئی ایچ ہاکی ویمنز ورلڈ کپ کے شیڈول کا اعلان کیا۔ ہندوستان کو پول بی میں انگلینڈ، چین اور نیوزی لینڈ کے ساتھ رکھا گیا ہے ۔ ہندوستان کی ٹیم اپنی مہم کا آغاز 3 جولائی کو انگلینڈ کے خلاف کرے گی جب کہ اگلا میچ 5 جولائی کو چین کے خلاف ہو گا۔ اس کے بعد 7 جولائی کو ہندوستان کا مقابلہ نیوزی لینڈ سے ہوگا۔ ہندوستانی خواتین ہاکی ٹیم کی ہاف بیک سشیلا چانو نے منگل کو ایک ورچوئل پریس کانفرنس میں کہا، "میچوں کی ترتیب میں کوئی تبدیلی نہیں آتی کہ ٹیم ٹورنامنٹ کے لیے کس طرح تیاری کرے گی۔ اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ ہم کن حریفوں کے خلاف مہم شروع کرتے ہیں۔ ہم اس بات سے نہیں ڈرتے کہ ہم سب سے پہلے کس ٹیم کا سامنا کرتے ہیں، کیونکہ ہماری ذہنیت اور نقطہ نظر میچ بہ میچ سوچنا اور اسے جیتنے کی کوشش کرنا ہے ۔ چانو نے کہا، "ہم نے حال ہی میں مسقط، عمان میں ویمنز ہاکی ایشیا کپ 2022 اور ایف آئی ایچ ہاکی پرو لیگ 2021-22 میں چین کا سامنا کیا ہے اور اس لیے یہ ہمارے لیے فائدہ مند ثابت ہوگا۔ ہم اگلے ماہ انگلینڈ کے خلاف ایف آئی ایچ ہاکی پرو لیگ 2021-22 کا میچ کھیلیں گے ۔ ہم نے آخری بار 2020 میں نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلا تھا، اس لیے ہم ان تمام ٹیموں کو اچھی طرح جانتے ہیں اور ہم جانتے ہیں کہ آگے آنے والے چیلنجز کے لیے کس طرح تیاری کرنی ہے ۔ قابل ذکر ہے کہ ہندوستانی خواتین کی ہاکی ٹیم نے گزشتہ ہفتے کے آخر میں بھونیشور کے کلنگا اسٹیڈیم میں دو ایف آئی ایچ ہاکی پرو لیگ 2021-22 میچوں میں اسپین کی خواتین ہاکی ٹیم کا سامنا کیا تھا۔ ہندوستان نے پہلا میچ 2-1 سے جیتا تھا، وہیں دوسرے میں اسے اسپین سے 3-4 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ ہندوستانی فارورڈ نونیت کور نے اس بارے میں بھی بات کی کہ کس طرح برسوں کے دوران مسلسل اعلی درجے کی ٹیموں کا سامنا کرنے سے ہندوستانی ٹیم میں اعتماد پیدا ہوا ہے ۔ ‘‘تقریباً دو سے تین سال پہلے مضبوط حریفوں کا سامنا کرنے سے پہلے ٹیم میں بے چینی کا ماحول ہوتا تھا لیکن اب ہماری ٹیم میں کوئی خوف نہیں ہے اور ہم محسوس کرتے ہیں کہ ہم ہر چیلنج کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہیں۔ یہاں تک کہ اگر کوئی حریف پہلا گول کرتا ہے ، ہم جانتے ہیں کہ ہمارے پاس چیزوں کو اپنے حق میں کرنے کی صلاحیت اور مہارت ہے ۔ ہماری ٹیم نے برسوں سے لڑنے کا جذبہ پیدا کیا ہے ۔ اس نے ہمارے لیے بہت اچھا کام کیا ہے ۔ قابل ذکر ہے کہ ہندوستانی ٹیم اپنے اگلے ایف آئی ایچ ہاکی پرو لیگ 2021-22 ڈبل ہیڈر میچوں میں جرمنی کا مقابلہ کرے گی۔ پہلا میچ 12 مارچ اور دوسرا میچ 13 مارچ کو کھیلا جائے گا۔ نونیت نے ان میچوں کی تیاری کے بارے میں کہا، ‘‘ہم نے گزشتہ سال جرمنی کا سامنا کیا ہے ، اس لیے ہمیں ان میچوں کی ویڈیوز دیکھنے کی ضرورت ہے ، تاکہ ہم اپنے مضبوط شعبوں کو جانیں اور ان میں بہتری لائیں جن میں ہم کمزور ہیں۔یواین آئی